متحدہ عرب امارات

دُبئی: موٹر سائیکل سوار نیند آجانے کے باعث ایک ٹانگ سے محروم ہو گیا

دُبئی : نیند کس کو پیاری نہیں ہوتی، لیکن اگر یہ دوران ڈرائیونگ آ جائے تو اس کے نتائج بہت بھیانک ہوتے ہیں۔ ایسا ہی معاملہ دُبئی میں ایک موٹر سائیکلسٹ کے ساتھ پیش آیا ہے، جو غنودگی کے باعث ایک حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں وہ ایک ٹانگ سے محروم ہو گیا ہے۔ دُبئی پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ السرایات سٹریٹ پر گزشتہ روز دوپہر کے حادثہ پیش آیا جس میں ایک نوجوان کی موٹر سائیکل فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی۔

اسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز کو مجبوری میں اس کی ایک ٹانگ کاٹنی پڑی۔ دُبئی پولیس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کوپونے تین بجے ایک کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ الخیل فرسٹ سٹریٹ کی جانب جانے والی السرایات سٹریٹ پر ایک موٹر سائیکل سوار کو حادثہ پیش آیا ہے۔

جس کے بعد فوری طور پر پولیس اور طبی امداد کی ٹیمیں موقع پر روانہ کر دی گئیں۔

نوجوان کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے بتایا کہ اس حادثے میں نوجوان کی ایک ٹانگ بُری طرح کُچلی گئی ہے جسے کاٹنے کے سوا اور کوئی چارہ نہیں ہے۔ ابتدائی رپورٹس سے پتا چلا ہے کہ بائیک چلاتے وقت نوجوان پر غنودگی طاری ہو گئی تھی۔ دُبئی پولیس کے مطابق الوصل روڈ پر بھی ایک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی ہے۔

عرب خاتون المنارا انٹرسیکشن کے قریب روڈ کراس رہی تھی، جب ایک تیز رفتار کار کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گئی۔ طبی امداد کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور خاتون کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے۔ دُبئی پولیس کی جانب سے ڈرائیورز کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں ی اور انٹرسیکشنز اور راہگیروں کے لیے مخصوص کراسنگ کے قریب پہنچنے پر گاڑی کی رفتار کم کر دیں، تاکہ کسی مہلک حادثے کا امکان کم سے کم ہو جائے۔ اس کے علاوہ ڈرائیورز کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر وہ شدید تھکاوٹ اور غنودگی محسوس کریں تو ایسی صورت میں گاڑی چلانے سے گریز کریں۔ تھوڑ ی دیر آرام کر کے تازہ دم ہو جائیں اور پھر گاڑی چلائیں۔

Source Link

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button