
خلیج اردو
دبئی: دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد المکتوم نے اپنی نومولود بیٹی "ہند” کی پہلی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی، جسے لاکھوں صارفین نے پسند کیا۔
جمعہ کی شام انسٹاگرام پر جاری کردہ تصویر میں شیخ حمدان اپنی نومولود بیٹی کو محبت بھرے انداز میں گود میں لیے ہوئے نظر آتے ہیں۔ تصویر میں والد اور بیٹی دونوں نے سفید لباس زیب تن کیا ہوا ہے، جبکہ بچی نرم کپڑے میں لپٹی ہوئی اور سفید ٹوپی پہنے ہوئے ہے۔ سینے پر ایک خوبصورت بروچ بھی نمایاں ہے۔ تصویر کے کیپشن میں بچی کا نام "ہند” انگریزی اور عربی زبان میں تحریر کیا گیا، جس کے ساتھ گلابی دلوں کے ایموجیز بھی شامل کیے گئے۔
شیخ حمدان نے اپنی بیٹی کی پیدائش کا اعلان 22 مارچ کو انسٹاگرام کے ذریعے کیا تھا۔ نئی تصویر کو صرف ایک گھنٹے میں ہزاروں افراد نے پسند کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ ولی عہد شیخ حمدان کے انسٹاگرام پر 1 کروڑ 70 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، اور وہ اپنی ذاتی اور بین الاقوامی مصروفیات کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر باقاعدگی سے شیئر کرتے ہیں۔
حالیہ دنوں انہوں نے بھارت کے دورے کے دوران کرکٹ کھلاڑیوں سے ملاقات کی تصاویر بھی انسٹاگرام پر شیئر کی تھیں۔







