متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں کل گرد آلود ہوائیں اور سمندر میں طغیانی کا امکان، نارنجی الرٹ جاری

خلیج اردو
ابوظہبی (17 اپریل 2025)
ابوظبہی:متحدہ عرب امارات میں جمعہ، 18 اپریل کو موسم عمومی طور پر صاف رہے گا تاہم نیشنل سینٹر آف میٹیرولوجی  کے مطابق دن کے کچھ حصوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود اور گرد آلود ہونے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق جمعہ کی رات اور ہفتہ کی صبح شمالی اندرونی علاقوں میں نمی میں اضافے کا امکان ہے۔

محکمہ نے بتایا کہ ملک کے شمالی علاقوں میں 15 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز شمال مغربی ہوائیں چلیں گی جو بعض مقامات پر 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہیں، جس سے گرد و غبار اور ریت اڑنے کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

عربین گلف اور عمان سی میں سمندر شدید طوفانی رہے گا۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے جمعرات 17 اپریل دوپہر 2 بجے سے جمعہ 18 اپریل دوپہر 2 بجے تک کے لیے نارنجی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

اس سے قبل محکمے نے منگل 15 اپریل سے جمعہ 18 اپریل تک تیز ہواؤں اور سمندر میں طغیانی کے لیے پیلا الرٹ بھی جاری کیا تھا۔

درجہ حرارت کی بات کریں تو ابوظہبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 24 ڈگری رہنے کا امکان ہے، جبکہ دبئی اور شارجہ میں زیادہ سے زیادہ 32 اور کم سے کم 23 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔

جمعرات 17 اپریل کو ملک بھر میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ فجیرہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دوپہر 3 بج کر 50 منٹ پر اور کلبہ میں 1 بج کر 45 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سب سے کم درجہ حرارت 13.1 ڈگری سینٹی گریڈ صبح 6 بجے العین کے علاقے رکناہ میں ریکارڈ ہوا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button