متحدہ عرب امارات

آسماں پر مسکراتا چہرہ؟ ماہرین نے سوشل میڈیا پر وائرل دعوے کی وضاحت کردی

خلیج اردو
دبئی – سوشل میڈیا پر یہ خبر گردش کر رہی ہے کہ 25 اپریل کو متحدہ عرب امارات کے آسمان پر ایک نایاب "مسکراتا چہرہ” (سمائلی فیس) دکھائی دے گا، جس کی وجہ سیاروں وینس، سیٹرن اور چاند کی ایک خاص ترتیب ہوگی۔ تاہم ماہرین فلکیات نے اس حوالے سے وضاحت جاری کر دی ہے۔

بین الاقوامی فلکیاتی مرکز کے رکن ابراہیم غنیمات کے مطابق یہ فلکیاتی مظاہرہ واقعی پیش آئے گا، لیکن متحدہ عرب امارات اور مشرق وسطیٰ کے دیگر علاقوں میں یہ "سمائلی فیس” کی شکل اختیار نہیں کرے گا، بلکہ یہ تینوں اجسام ایک نسبتاً سیدھی لائن کی صورت میں دکھائی دیں گے۔ یہ منظر طلوع آفتاب سے قبل دکھائی دے گا۔

دبئی فلکیاتی گروپ کی آپریشنز مینیجر خدیجہ الحریری نے کہا کہ میڈیا میں اس منظر کو مبالغہ آرائی سے پیش کیا جا رہا ہے، کیونکہ یہ خاص ترتیب صرف چند مخصوص مقامات پر ایک مسکراہٹ جیسی دکھائی دے سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "وینس اوپر ہوگا، سیٹرن ایک طرف، اور ہلال چاند افق کے قریب ہوگا۔ ان کے درمیان کوئی خمیدہ ترتیب نہیں، اس لیے یہ یو اے ای میں ‘سمائلی فیس’ نہیں بناتا۔”

ابراہیم غنیمات کے مطابق مغربی افریقہ، شمالی امریکا اور جنوبی امریکا کے کچھ حصوں میں یہ منظر ممکنہ طور پر ایک ڈھیلی سی مسکراہٹ جیسا دکھائی دے سکتا ہے۔

ناسا کے مطابق 24 اور 25 اپریل کو آسمان کے مشرقی حصے میں وینس، سیٹرن اور ہلال چاند ایک جگہ جمع ہوں گے، اور اگر آسمان صاف ہو اور افق میں کوئی رکاوٹ نہ ہو، تو عطارد (مرکری) کو بھی افق کے بالکل قریب دیکھا جا سکتا ہے۔

اگرچہ یو اے ای میں "سمائلی فیس” کا نظارہ ممکن نہیں ہوگا، مگر اپریل کے مہینے میں شہریوں نے کئی فلکی مظاہر سے لطف اٹھایا، جن میں 21 اور 22 اپریل کو ہونے والی لائیریڈ شہابی بارش اور مہینے کے آغاز میں نظر آنے والا "پنک مون” شامل ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button