خلیج اردو
ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں موسم گرما کی شدت بڑھتی جا رہی ہے اور اتوار 4 مئی کو ملک بھر میں موسم عمومی طور پر صاف اور گرم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
قومی مرکز برائے موسمیات کے مطابق دن کے دوران جنوبی مغربی سمت سے ہلکی سے درمیانی رفتار کی ہوائیں چلیں گی جو بعد میں شمال مشرقی سمت میں تبدیل ہوں گی، کچھ اوقات میں ہوائیں تیز بھی ہو سکتی ہیں، جن کی رفتار 10 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی اور یہ 35 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
ابوظبی میں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے جانے کی توقع ہے، جبکہ دبئی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 اور کم سے کم 29 ڈگری رہے گا۔
شارجہ میں بھی موسم شدید گرم رہے گا، جہاں درجہ حرارت 41 ڈگری تک جا سکتا ہے اور کم از کم 28 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق رواں سال یو اے ای میں بارش کی شرح میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے اور اپریل کا مہینہ گزشتہ ایک دہائی میں سب سے زیادہ گرم مہینوں میں سے ایک رہا ہے۔ حکومت بارش میں اضافے کے لیے کلاؤڈ سیڈنگ پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ خشک اور شدید گرم موسم میں نمی کو بڑھایا جا سکے۔






