
خلیج اردو
صوابی: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پانی کی تقسیم میں خیبرپختونخوا کا حصہ 18 فیصد ہے لیکن صوبے کو صرف 7 فیصد پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ تربیلہ ڈیم صوابی میں واقع ہونے کے باوجود خیبرپختونخوا کو اس سے بجلی فراہم نہیں کی جا رہی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ وفاقی وزیر خواجہ آصف نے انہیں "تمباکو مافیا” قرار دیا، حالانکہ ان کا تمباکو کے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ وہ ایسے بے بنیاد الزامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں عملاً کوئی قانون نہیں ہے، اور طاقت کا استعمال انصاف پر غالب آ چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ زندگی کی آخری سانس تک پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے ساتھ وفادار رہیں گے اور انہیں کسی عہدے یا اقتدار کی کوئی لالچ نہیں۔






