
خلیج اردو
دبئی — متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی فلائی دبئی نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے اسرائیل کے بن گوریون ایئرپورٹ پر میزائل حملے کے بعد بھی اپنی تل ابیب کی پروازوں کو شیڈول کے مطابق جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
فلائی دبئی کے ترجمان نے اتوار کو بیان میں تصدیق کی کہ "بن گوریون انٹرنیشنل ایئرپورٹ (TLV) کے لیے پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔”
اس کے برعکس، بھارتی فضائی کمپنی ایئر انڈیا نے حملے کے بعد تل ابیب کے لیے اپنی پروازیں فوری طور پر معطل کر دی ہیں۔ دہلی سے آنے والی پرواز AI139 کو اردن کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ابو ظبی کی طرف موڑ دیا گیا، جہاں وہ بحفاظت لینڈ کر گئی۔
اسرائیلی حکام کے مطابق میزائل بن گوریون ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 کی پارکنگ کے قریب ایک سڑک پر گرا، جس سے وہاں ایک گڑھا بن گیا۔
ایئر انڈیا نے بیان میں کہا کہ پرواز معمول کے مطابق ابو ظبی میں لینڈ ہوئی اور جلد دہلی واپس روانہ کی جائے گی۔ مزید کہا گیا کہ “موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے باعث 6 مئی 2025 تک ہماری تمام تل ابیب پروازیں معطل رہیں گی تاکہ مسافروں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔”
کمپنی نے متاثرہ مسافروں کو ایک بار کی مفت ری شیڈولنگ یا مکمل رقم کی واپسی کی سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔
ایئر انڈیا نے مزید کہا: “ہمارے لیے سب سے اہم ترجیح اپنے مسافروں اور عملے کی سلامتی ہے، اور ہم اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کر رہے ہیں۔







