
خلیج اردو
ابوظہبی — متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں پر لبنان کے لیے عائد سفری پابندی 7 مئی 2025 سے ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، تاہم اس کے لیے وزارت خارجہ کے "تواجُدی” پلیٹ فارم پر پیشگی رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔
وزارت خارجہ نے وضاحت کی ہے کہ اماراتی شہریوں کو روانگی سے قبل خواہ وہ براہِ راست یو اے ای سے جا رہے ہوں یا کسی تیسرے ملک سے، "تواجُدی” پلیٹ فارم پر مکمل معلومات فراہم کرنا ہوں گی تاکہ ہنگامی صورتحال میں مؤثر رابطہ برقرار رکھا جا سکے۔
وزارت کے مطابق اگر کوئی شہری بغیر رجسٹریشن کے روانہ ہوتا ہے تو اس کے خلاف سفری کارروائی روکنے کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔
رجسٹریشن کے دوران شہریوں کو لبنان میں اپنی رہائش کی تفصیل، ہنگامی رابطہ نمبرز، دورے کی غرض اور واپسی پر اطلاع فراہم کرنا ضروری ہو گا۔
یہ فیصلہ صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایت پر کیا گیا ہے اور یہ حالیہ لبنانی صدر جوزف عون کے یو اے ای کے ورکنگ دورے کے بعد سامنے آیا ہے۔
لبنانی وزیراعظم نواف سلام نے اماراتی شہریوں پر سے سفری پابندی ہٹانے کے فیصلے کو سراہا اور اسے دونوں ممالک کے درمیان اخوت کے مضبوط رشتے کی علامت قرار دیا۔
دورے کے دوران دونوں ممالک نے باہمی تعاون کو فروغ دینے، نقل و حرکت کو سہل بنانے اور تحفظ کے مناسب طریقہ کار اپنانے پر اتفاق کیا۔
یاد رہے کہ یو اے ای نے 2021 میں لبنان کے اُس وقت کے وزیر اطلاعات کے یمن میں سعودی قیادت کی قانونی حیثیت پر تنقیدی تبصرے کے بعد اپنے شہریوں کے لیے لبنان کے سفر پر پابندی عائد کر دی تھی، اور سعودی عرب سے اظہارِ یکجہتی میں اپنے سفیروں کو بھی واپس بلا لیا تھا۔ تاہم، لبنانی شہریوں کو یو اے ای میں داخلے کی اجازت برقرار رکھی گئی تھی۔
رواں سال کے آغاز میں یو اے ای نے بیروت میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھولا اور سفارتی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کیا، جسے ایک اعلیٰ اماراتی عہدیدار نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم سنگ میل قرار دیا۔







