متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات: تاخیر سے کارپوریٹ ٹیکس کی رجسٹریشن پر جرمانے معاف کرنے کا اعلان

خلیج اردو
ابوظبی:متحدہ عرب امارات کی فیڈرل ٹیکس اتھارٹی  نے کابینہ کے نئے فیصلے کے تحت بعض کارپوریٹ ٹیکس دہندگان کو رجسٹریشن میں تاخیر کے باعث عائد ہونے والے انتظامی جرمانوں سے استثنیٰ دینے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ یہ اقدام 7 مئی بروز بدھ سے نافذ العمل ہو چکا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق وہ تمام افراد جو ٹیکس کی پہلی مدت (یا مالی سال) کے اختتام کے سات (7) ماہ کے اندر اپنا ٹیکس ریٹرن یا سالانہ ڈیکلریشن جمع کرا دیتے ہیں، انہیں تاخیر سے رجسٹریشن پر جرمانے سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا۔ یہ رعایت صرف پہلے ٹیکس پیریڈ پر لاگو ہوگی، چاہے مقررہ تاریخ نئے فیصلے سے پہلے ہو یا بعد میں۔

ایف ٹی اے نے مزید واضح کیا کہ جن افراد نے پہلے سے تاخیر کا جرمانہ ادا کیا ہے اور نئی شرائط پر پورا اترتے ہیں، ان کے جرمانے کی رقم واپس کر دی جائے گی اور وہ رقم ان کے ایف ٹی اے اکاؤنٹ میں کریڈٹ کر دی جائے گی۔

اس حوالے سے فیڈرل ٹیکس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل خالد علی البستانی نے کہا کہ تمام غیر رجسٹرڈ کارپوریٹ ٹیکس دہندگان کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد اپنی رجسٹریشن اور ٹیکس ریٹرن جمع کرائیں تاکہ وہ جرمانوں سے بچ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری شعبوں میں رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کی حوصلہ افزائی FTA کی بنیادی حکمت عملی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل نے انکشاف کیا کہ 2025 کی پہلی سہ ماہی میں کارپوریٹ ٹیکس رجسٹریشن کی تعداد 543,000 سے تجاوز کر گئی ہے، جو کاروباری طبقے میں بڑھتی ہوئی آگاہی کی عکاسی کرتی ہے۔

ایف ٹی اے نے بتایا کہ استثنیٰ حاصل کرنے کے لیے تین ممکنہ صورتیں ہیں:

  • اگر رجسٹریشن ہو چکی ہو مگر جرمانہ ادا نہیں ہوا، تو ریٹرن 7 ماہ کے اندر جمع کرانے سے جرمانہ معاف ہو جائے گا۔

  • اگر جرمانہ ادا ہو چکا ہو، اور ریٹرن مقررہ وقت پر جمع کرا دیا جائے، تو جرمانے کی رقم واپس ملے گی۔

  • اگر رجسٹریشن ہی نہیں ہوئی، تو فوری رجسٹریشن اور 7 ماہ کے اندر ریٹرن جمع کرا کے استثنیٰ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button