
خلیج اردو
ابوظبی: دنیا کی معروف تفریحی کمپنی والٹ ڈزنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ مشرقِ وسطیٰ کا پہلا ڈزنی لینڈ پارک یاس آئی لینڈ، ابوظبی میں قائم کرے گی۔ یہ منصوبہ ابوظبی کی تفریحی کمپنی ‘مرال گروپ’ کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا، جو نہ صرف پارک کی تعمیر بلکہ اس کے آپریشن کی بھی ذمہ دار ہوگی۔
ڈزنی لینڈ ابوظبی دنیا میں ڈزنی کا ساتواں تھیم پارک ہوگا، جبکہ مجموعی طور پر یہ تیرہواں ڈزنی ریزورٹ ہوگا۔ اس سے قبل آخری ڈزنی ریزورٹ 2016 میں شنگھائی، چین میں کھولا گیا تھا۔
افتتاح کب متوقع ہے؟
اگرچہ ابھی کوئی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا، تاہم ڈزنی پارکس کے چیئرمین جان ڈی اَمارو کے مطابق ڈیزائننگ کا مرحلہ تقریباً دو سال لے گا، جبکہ تعمیراتی کام پانچ سے چھ سال میں مکمل کیا جائے گا۔ اس اعتبار سے ڈزنی لینڈ ابوظبی 2032 یا 2033 میں عوام کے لیے کھولا جا سکتا ہے۔
جگہ کا تعین
یہ نیا پارک یاس آئی لینڈ واٹر فرنٹ پر بنایا جائے گا، جو ابوظبی کے تفریحی مقامات کا مرکز ہے۔ اس کے ساتھ دیگر چار بڑے تفریحی مقامات یعنی وارنر برادرز ورلڈ، فیراری ورلڈ، سی ورلڈ اور یاس واٹر ورلڈ پہلے ہی موجود ہیں۔
عربی طرز کا جدید قلعہ
ڈزنی لینڈ ابوظبی میں ایک جدید اور منفرد طرز کا قلعہ تعمیر کیا جائے گا جو روایتی یورپی طرز سے مختلف ہوگا۔ جان ڈی اَمارو کے مطابق یہ قلعہ “کسی بھی پچھلے ڈزنی پارک سے مختلف اور جدید ترین ٹیکنالوجی کا حامل ہوگا” اور اس کی تعمیر فن تعمیر کی نئی جہتیں متعارف کروائے گی۔
منفرد عربی انداز
ڈزنی کے سی ای او باب آئگر نے کہا ہے کہ یہ پارک اماراتی ثقافت اور خطے کے ذوق کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جائے گا، جبکہ روایتی ڈزنی کہانیوں اور کرداروں کی جھلک بھی برقرار رکھی جائے گی۔ شنگھائی ڈزنی ریزورٹ کی طرز پر یہاں بھی مقامی ثقافت کو مدغم کرتے ہوئے مخصوص تبدیلیاں متوقع ہیں۔
کون تعمیر اور آپریٹ کرے گا؟
ڈزنی لینڈ ابوظبی کو ‘مرال’ مکمل طور پر تعمیر کرے گا، جبکہ ڈزنی تخلیقی ڈیزائن، تھیم ایٹریکشنز اور مہمانوں کے تجربے کے معیار کو یقینی بنائے گا۔ مکمل ہونے کے بعد مرال ہی اسے آپریٹ کرے گا، جیسا کہ وہ یاس آئی لینڈ کے دیگر تفریحی مراکز کو بھی کامیابی سے چلا رہا ہے۔







