
خلیج اردو
ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں مقیم تنازع زدہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لیے ابوظبی میں ایک خصوصی روزگار میلہ آج 9 مئی 2025 کو فاطمہ کالج آف ہیلتھ سائنسز میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو ہنر مند تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
یہ روزگار میلہ "بیلڈنگ بیٹر فیوچرز” پروگرام کا حصہ ہے، جو مئی 2024 میں لوٹس ہولسٹک ریٹل انسٹیٹیوٹ کی جانب سے یو این ایچ سی آر اور عبدالعزیز الغریر ریفیوجی ایجوکیشن فنڈ کے اشتراک سے شروع کیا گیا تھا۔ اس پروگرام کے ذریعے 18 سے 35 سال کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ، گرافک ڈیزائن، جم انسٹرکشن، ابتدائی بچپن کی تعلیم، ڈیٹا اینالیسس اور دیگر شعبوں میں پیشہ ورانہ تربیت اور بین الاقوامی سند فراہم کی جا رہی ہے۔ انگریزی زبان کی تربیت نیو یارک یونیورسٹی ابوظبی کے تعاون سے دی جاتی ہے۔
اسی پروگرام کے ایک شرکاء خالد ہواری ہیں، جو فلسطینی نژاد ہیں اور ابوظبی میں پیدا ہوئے۔ مالی مشکلات کے باعث وہ 12 سال کی عمر تک اسکول نہیں جا سکے، تاہم 2018 میں لوٹس ریٹل انسٹیٹیوٹ میں داخلے کے بعد ان کی تعلیم کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ انہیں انسٹیٹیوٹ کے "چیمپیئنز کلاس” میں داخل کیا گیا، جو طلبہ کی حوصلہ افزائی کو اولین ترجیح دیتی ہے۔
خالد نے انسٹیٹیوٹ میں دو سال تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں شامی اسمارٹ اسکول کے ذریعے نویں جماعت کی تعلیم مکمل کرنے کی کوشش کی، تاہم امتحانات کے لیے شام جانا ممکن نہ ہو سکا۔ اس سال وہ دوبارہ تیاری کر رہے ہیں اور ابوظبی میں ہی امتحان دینے کا خواہاں ہیں۔ ان کا پہلا امتحان 14 جون کو شیڈول ہے۔
خالد، جو کہ جم انسٹرکشن، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، گرافک ڈیزائن، فرسٹ ایڈ، کارپینٹری اور لائف کوچنگ کی تربیت حاصل کر چکے ہیں، آج کے روزگار میلے سے پُرامید ہیں۔ ان کا کہنا ہے، "میرا ہدف ہے کہ میں جم میں فٹنس کوچ یا کسی ڈیجیٹل مارکیٹنگ کمپنی میں ملازمت حاصل کروں۔ میں بہت پُرامید ہوں کہ مجھے اچھا موقع ملے گا۔”
ان کی جدوجہد کا محرک ان کا خاندان ہے۔ "میرے والد 60 سال کے ہیں اور بے روزگار ہیں۔ میرے چھوٹے بہن بھائی ہیں، اور مجھے ان کے لیے مثال بننا ہے۔”
انسٹیٹیوٹ کی ڈائریکٹر مائی قدکوی نے کہا، "بیلڈنگ بیٹر فیوچرز پروگرام کے ذریعے ہم ان نوجوانوں کو وہ وسائل فراہم کر رہے ہیں جن سے وہ نہ صرف خود کو سنوار سکیں، بلکہ ملکی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔”
یہ روزگار میلہ تمام افراد کے لیے کھلا ہے، تاہم عربی بولنے والے اور تنازع زدہ خطوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو خاص ترجیح دی جائے گی۔ میلہ دوپہر 12:30 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔







