متحدہ عرب امارات

بھارتی فریب کا پردہ چاک، اشتعال انگیزی کا نیا بھارتی ڈرامہ بے نقاب

خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے جاری اشتعال انگیزی اور جنگی جنون پر مبنی بیانیے کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور ایسی جارحیت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کا حالیہ بیان خطے میں کشیدگی کو بڑھانے کی ایک دانستہ کوشش ہے، جسے پاکستان یکسر مسترد کرتا ہے۔

دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ بھارت کی جھوٹی کہانیوں اور جعلی بیانیے سے خطے کا امن داؤ پر لگایا جا رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کو مایوسی کا نتیجہ قرار دینا محض جھوٹ ہے، جبکہ یہ معاہدہ دوست ممالک کی سفارتی کوششوں کا نتیجہ تھا اور پاکستان اس معاہدے اور امن کی کوششوں پر کاربند ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پہلگام حملے کو پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت اپنی اندرونی ناکامیوں اور کشمیری مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے اقدامات کر رہا ہے۔ بھارتی افواج کی جانب سے پاکستانی فوجی اڈوں پر حملے کو پاکستان نے سنگین اشتعال انگیزی قرار دیا اور اس کا ہدفی اور موثر جواب دیا گیا۔

دفتر خارجہ نے خبردار کیا کہ بھارت کے جنگی عزائم سے پورا خطہ تباہی کے دہانے پر پہنچ سکتا ہے، لیکن پاکستانی دفاعی صلاحیتوں کو بھارتی پروپیگنڈے سے جھٹلایا نہیں جا سکتا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت معصوم شہریوں کے قتل کو نیا معمول بنانا چاہتا ہے لیکن پاکستان اپنی خودمختاری اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

دفتر خارجہ نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے دفاع کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ بھارت کی آبی جارحیت سندھ طاس معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہے اور پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے جبکہ بھارت ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہے اور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

پاکستان نے صدر ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ امن ہی اصل طاقت ہے اور جنگی جنون کا دور اب گزر چکا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button