
خلیج اردو
راس الخیمہ: راس الخیمہ میں ٹریفک تنازع کے دوران پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والی تین خواتین ایک ہی خاندان کی تھیں، جن میں ایک ماں اور اس کی دو بیٹیاں شامل تھیں۔ جاں بحق خواتین کی عمریں 35، 38 اور 66 سال تھیں، اور تینوں مائیں تھیں۔
راس الخیمہ پولیس کے مطابق انہیں ایک رہائشی علاقے میں فائرنگ کی اطلاع ملی، جس پر پولیس فورس پانچ منٹ کے اندر موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
مقتولین کے بھائی اور بزرگ خاتون کے بیٹے، ماہر سالم وفائی نے مقامی اخبار امارات الیوم کو واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ان کی 66 سالہ والدہ اپنی چار بیٹیوں کے ہمراہ گاڑی میں تھیں، جب ایک پارکنگ کے تنازع پر ایک شخص نے اشتعال میں آ کر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 35 اور 38 سالہ بہنیں جاں بحق ہو گئیں جبکہ 47 سالہ بہن زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔ زخمی خاتون نے اپنی جان پر کھیل کر اپنے 11 سالہ بیٹے کو موبائل فون دیا اور اسے موقع سے بھاگ کر مدد طلب کرنے کو کہا، جس سے پولیس بروقت پہنچ سکی۔ چوتھی بہن، جس کی عمر 30 سال ہے، اس واقعے میں محفوظ رہی۔
ماہر وفائی نے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ 20 سال سے متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں اور ہمیشہ یہاں امن اور سلامتی پائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اتفاقی جرم تھا جو معاشرے کی اقدار کی نمائندگی نہیں کرتا۔
ابتدائی پولیس تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ واقعہ ایک تنگ گلی میں حقِ راستے کے تنازع سے شروع ہوا جو مہلک جھگڑے میں بدل گیا۔ واردات میں استعمال ہونے والا ہتھیار پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے اور کیس کو قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے عوام پر زور دیا ہے کہ روزمرہ معاملات میں تحمل اور صبر سے کام لیں، اور خبردار کیا کہ جو کوئی بھی معاشرے کے امن و امان کو خطرے میں ڈالے گا اس کے خلاف قانون سختی سے نافذ کیا جائے گا۔
یہ واقعہ یو اے ای میں اسلحے کے سخت قوانین کی طرف بھی توجہ دلاتا ہے۔ ملک میں بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے پر مکمل پابندی ہے۔ وفاقی فرمان کے مطابق بغیر اجازت نامہ کے ہتھیار یا گولہ بارود رکھنے، خریدنے، بیچنے، یا مرمت کرنے پر سخت سزا دی جاتی ہے۔ لائسنس کے حامل افراد بھی مخصوص علاقوں جیسے فوجی یا سرکاری دفاتر میں اسلحہ لے جانے کے مجاز نہیں، جبکہ سیکیورٹی اداروں کے اہلکار مخصوص قوانین کے تحت مستثنیٰ ہیں۔





