متحدہ عرب امارات

امریکہ مشرق وسطیٰ میں امن اور استحکام کیلئے پرعزم، ایران اور شام کے ساتھ تعلقات بحالی کی کوشش، خلیجی تعاون کونسل اور امریکہ کے درمیان تعاون مضبوط، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم

خلیج اردو
ریاض:سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں خلیج سمٹ 2025 کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کو امریکہ کی اولین ترجیح قرار دیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ جو ممکن ہو سکا وہ ضرور کریں گے، کیونکہ خطے میں چھوٹے عسکری گروپوں کی سرگرمیاں امن کے راستے میں رکاوٹ ہیں، جن سے نمٹنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک نے ہمیشہ امن کے قیام میں مثبت کردار ادا کیا ہے جبکہ حوثیوں نے امریکی جہازوں پر حملے بند کر دیئے ہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کی انتظامیہ غزہ کے مستقبل کے لیے فعال کوششیں کر رہی ہے اور یرغمالیوں کی رہائی کو خطے میں پائیدار امن کی بنیادی شرط قرار دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ امریکہ شامی حکومت کے ساتھ تعلقات بحال کر رہا ہے اور شام پر عائد تمام اقتصادی پابندیاں ختم کی جائیں گی تاکہ شام کی حکومت امن کی راہ پر گامزن ہو۔

دوسری جانب خلیجی تعاون کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ امریکی صدر کا اس جنگ بندی میں کردار قابل تحسین ہے۔ ولی عہد نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

محمد بن سلمان نے امریکہ کی جانب سے شام پر پابندیاں ختم کرنے کے فیصلے کو بھی سراہا اور کہا کہ شام کی حکومت کو چاہیے کہ وہ خطے میں امن کے لیے کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ جی سی سی ممالک اور امریکہ کے درمیان دفاعی، اقتصادی اور سیاسی تعاون مزید مضبوط ہو رہا ہے جو خطے میں استحکام اور ترقی کی ضمانت ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button