
خلیج اردو
ریاض، 14 مئی 2025: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جنگ بندی میں کردار قابل ستائش ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
سعودی ولی عہد نے شام پر عائد پابندیوں کے خاتمے کا بھی خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ شام کی حکومت کو چاہیے کہ وہ خطے میں امن کے قیام کے لیے کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ جی سی سی ممالک اور امریکہ کے درمیان تعاون مضبوط ہورہا ہے اور یہ خطے میں استحکام کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ٹیلیفونک گفتگو میں بھارت کے خلاف جنگ میں پاکستان کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خلیجی ممالک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور خطے میں امن و ترقی کے لیے متحدہ عرب امارات کے کردار کو سراہتا ہے۔






