
خلیج اردو
انقرہ، 14 مئی 2025: ترک صدر رجب طیب اردوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو قیمتی بھائی کہہ کر مخاطب کیا۔ ترک صدر نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان اخوت اور بھائی چارہ دنیا کی بہترین دوستی کی مثالوں میں سے ایک ہے، جو چند ہی ممالک کو نصیب ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کے امن، سکون اور استحکام کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پاکستانی ریاست کی برداشت اور دانشمندانہ پالیسی کی تعریف کرتا ہے، جو تنازعات کے حل میں مکالمے اور مصالحت کو ترجیح دیتی ہے۔ ترک صدر نے واضح کیا کہ ترکیہ ہر اچھے اور برے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
جواب میں وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ اور مضبوط برادرانہ تعلقات پر فخر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترک صدر طیب اردوان کی جانب سے پاکستان کی حمایت اور غیر متزلزل یکجہتی کے اظہار پر دل کی گہرائیوں سے مشکور ہوں۔
https://twitter.com/RTErdogan/status/1922372464103063886
وزیراعظم نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات ہر نئے چیلنج کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں اور جنوبی ایشیا میں امن کے فروغ کے لیے ترک صدر کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک اور ان کے عوام کے لیے ایک روشن اور خوشحال مستقبل کی تعمیر کی مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔






