
خلیج اردو
نئی دہلی، 14 مئی 2025: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ایک بار پھر رافیل طیاروں کے متنازع معاہدے میں کرپشن اور فراڈ کے سنگین الزامات کی زد میں آگئے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے اپنی تازہ رپورٹ میں رافیل ڈیل میں 7.5 ملین یورو کی خفیہ کمیشن ادائیگیوں کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت نے فرانس سے رافیل طیاروں کی خریداری کے دوران قیمتوں میں مبالغہ آرائی کی، جبکہ معاہدے کو مشکوک اور غیر شفاف قرار دیا گیا۔ بی بی سی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی بزنس مین سوشن گپتا کو اس ڈیل کے تحت 75 لاکھ یورو بطور خفیہ کمیشن دیے گئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بھارتی اپوزیشن خصوصاً کانگریس پارٹی کے رہنما راہول گاندھی نے الزام عائد کیا تھا کہ مودی سرکار نے رافیل ڈیل میں اربوں ڈالر کا فراڈ کیا ہے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔
بی بی سی کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد بھارت میں مودی سرکار پر شدید تنقید کی جا رہی ہے اور ایک بار پھر اپوزیشن جماعتوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی آزاد اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔






