
خلیج اردو
دبئی: دبئی حکومت نے سرکاری اداروں میں مالی یا انتظامی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرنے والے سرکاری ملازمین کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شفافیت، احتساب اور کرپشن کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔
یہ فیصلہ دبئی کے پہلے نائب حکمران، متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم، وزیر خزانہ اور دبئی جوڈیشل کونسل کے چیئرمین شیخ مکتوم بن محمد بن راشد آل مکتوم کے نئے فرمان کے تحت کیا گیا ہے۔
نئے فرمان کے مطابق، وہ سرکاری ملازمین جو مالی یا انتظامی خلاف ورزیوں کی اطلاع دیتے ہیں یا دبئی کی فنانشل آڈٹ اتھارٹی کے ساتھ تعاون کرتے ہیں، انہیں قانونی تحفظ حاصل ہوگا، اور ان کے خلاف کسی بھی قسم کی انتقامی کارروائی نہیں کی جا سکے گی۔
حکام کے مطابق، اس قانون کا مقصد ملازمین کو بے خوف ہو کر ادارہ جاتی شفافیت کے لیے کردار ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، تاکہ دبئی کے سرکاری ادارے مزید موثر اور صاف شفاف انداز میں کام کر سکیں۔







