
خلیج اردو
دبئی: 28 مئی
متحدہ عرب امارات میں ایک تازہ سروے کے مطابق تقریباً 70 فیصد ملازمین کا کہنا ہے کہ ان کی تنخواہیں بڑھتی ہوئی مہنگائی کا ساتھ نہیں دے رہیں، جس کے باعث وہ آئندہ تین ماہ کے اندر نوکری چھوڑنے پر غور کر رہے ہیں۔
عالمی مشاورتی ادارے کورن فیری کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 66 فیصد ملازمین اس مسئلے سے دوچار ہیں۔ وہ ملازمین جو سمجھتے ہیں کہ ان کی آمدن زندگی کے بڑھتے اخراجات کے مطابق نہیں، وہ نوکری چھوڑنے کے زیادہ امکانات رکھتے ہیں۔
کورن فیری کے علاقائی ڈائریکٹر وجے گاندھی کے مطابق، "ملازمین مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر رہائش اور بچوں کی تعلیم کے اخراجات کے باعث ہو رہے ہیں، جبکہ تنخواہوں میں اضافہ ان کے مطابق نہیں ہو سکا، اس لیے تنخواہ اور مراعات نوکری چھوڑنے کی سب سے بڑی وجہ بن چکی ہیں۔”
کورن فیری کی "ورک فورس 2025” رپورٹ کے مطابق یو اے ای میں 80 فیصد ملازمین بہتر تنخواہ اور مراعات کے لیے نوکری بدلنے کو تیار ہیں، جب کہ اس کے بعد ملازمت کی سیکیورٹی اور کیریئر میں ترقی کو اہم وجوہات قرار دیا گیا ہے۔
سروے میں مزید بتایا گیا کہ ملازمین کے لیے مراعات اور سیکھنے کے مواقع بھی وہ عناصر ہیں جو انھیں موجودہ نوکری چھوڑنے پر آمادہ کر سکتے ہیں۔
کورن فیری کی 2024 کی یو اے ای سیلری سروے، جس میں 843 کمپنیوں کو شامل کیا گیا، میں صرف 4 فیصد اوسط تنخواہ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ تنخواہ میں محض معمولی اضافہ اب کافی نہیں۔ ملازمین نوکری کے استحکام، مراعات اور ترقی کے مواقع بھی چاہتے ہیں۔
ہیز کی جاری کردہ "جی سی سی سیلری گائیڈ 2025” کے مطابق 2024 میں 48 فیصد یو اے ای ملازمین کو تنخواہوں میں اضافہ ملا، اور 75 فیصد کو 2025 میں اضافے کی امید ہے۔ زیادہ تر اضافہ 2.5 سے 5 فیصد کے درمیان رہا۔
کورن فیری کے مطابق 2025 تک غیر ملکیوں کی آبادی کا تناسب 88.5 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے، جس سے متحدہ عرب امارات دنیا کے سب سے متنوع اور مسابقتی ٹیلنٹ مارکیٹس میں شامل رہے گا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ معاشی ترقی کے باوجود مہنگائی، خاص طور پر رہائش اور تعلیم کے شعبوں میں، پیشہ ور افراد کو اگلا قدم اٹھانے سے پہلے استحکام کو ترجیح دینے پر مجبور کر رہی ہے۔
کورن فیری کا سروے دنیا بھر کے 15 ہزار سے زائد پیشہ ور افراد پر مشتمل تھا، جن میں ابتدائی سطح کے ملازمین سے لے کر سی ای اوز تک شامل تھے، اور اس میں 10 بڑے ممالک کو شامل کیا گیا: امریکہ، برطانیہ، فرانس، جرمنی، برازیل، یو اے ای، سعودی عرب، آسٹریلیا، جاپان اور بھارت۔







