متحدہ عرب امارات

یو اے ای: بیرونِ ملک فلپائنی ورکرز کو سالانہ مفت طبی معائنہ فراہم کیا جائے گا

خلیج اردو
دبئی:فلپائن کے محکمہ برائے تارکینِ وطن کارکنان  نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی بیرونِ ملک مقیم فلپائنی ورکرز، بشمول متحدہ عرب امارات میں مقیم کارکنان، کو سالانہ مفت طبی معائنہ فراہم کیا جائے گا۔ اس سہولت کو DMW کے "ایکسیون فنڈ” کے ذریعے ممکن بنایا جائے گا۔

یہ اعلان ڈی ایم ڈبلیو کے وزیر ہانس لیو کاکڈاک نے سینیٹ کی ایک انکوائری کے دوران کیا، جس میں بیرون ملک ملازمت کے لیے میڈیکل معائنوں میں بے ضابطگیوں اور فلپائن میں بعض کلینکس کے مبینہ استحصالی رویے کی تحقیقات کی جا رہی تھیں۔

کاکڈاک کے مطابق، یہ سالانہ مفت طبی معائنہ "Aksyon Fund” یعنی Agarang Kalinga at Saklolo para sa mga OFWs na Nangangailangan سے فراہم کیا جائے گا، جو بیرون ملک موجود فلپائنی ورکرز کے لیے ہنگامی امداد کا ایک کلیدی مالی ذریعہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ او ایف ڈبلیوز کی تعیناتی کے دوران اور وطن واپسی سے قبل ان کی صحت کی باقاعدہ نگرانی بھی اس اسکیم میں شامل ہو گی۔

سینیٹر رافی تلفو نے DMW پر زور دیا کہ وہ اس اقدام کو فلپائنی وزارت صحت (DOH) کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت (MOA) کے ذریعے باقاعدہ ادارہ جاتی شکل دے تاکہ طبی معائنے کرنے والے کلینکس کے لیے مزید نگرانی اور ضابطہ سازی ممکن ہو۔

تلفو نے کہا، ’’میڈیکل کلینکس کو وزارت صحت سے پیشگی منظوری اور ہم آہنگی حاصل کرنی چاہیے۔‘‘

دنیا بھر میں او ایف ڈبلیوز کی تعداد تقریباً 1.5 کروڑ ہے، جن میں سے صرف متحدہ عرب امارات میں ان کی تعداد 7 لاکھ سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔ دبئی میں مقیم فلپائنیوں کی تعداد تقریباً 4.5 لاکھ ہے۔

بیرون ملک مقیم فلپائنی کارکنان فلپائنی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ فلپائنی مرکزی بینک کے مطابق، او ایف ڈبلیوز نے گزشتہ سال 38.34 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلاتِ زر فلپائن بھیجیں، جو 2023 کے 37.21 ارب ڈالر کے مقابلے میں 3 فیصد زیادہ ہیں۔ ان میں نمایاں حصہ امریکہ، سنگاپور، سعودی عرب، جاپان، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات سے آیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button