متحدہ عرب امارات

دبئی میں گرمی کے موسم کیلئے 893 ایئرکنڈیشنڈ بس شیلٹرز فعال، آر ٹی اے کا اعلان

خلیج اردو
دبئی:روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی  نے اعلان کیا ہے کہ دبئی بھر میں 622 مقامات پر قائم 893 ایئرکنڈیشنڈ بس شیلٹرز مکمل طور پر فعال کر دیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو گرمیوں میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

آر ٹی اے کے مطابق یہ بس شیلٹرز "پیپل آف ڈیٹرمنیشن” کے لیے عالمی معیار کے مطابق بنائے گئے ہیں، جن میں وہیل چیئر استعمال کرنے والوں کے لیے مخصوص جگہ اور دبئی میں بس نیٹ ورک کی رہنمائی کرنے والی سائن بورڈز شامل ہیں۔

آر ٹی اے نے ایک بیان میں کہا:
"یہ شیلٹرز ماحول دوست بھی ہیں جن کی ساخت اس انداز سے ڈیزائن کی گئی ہے کہ وہ گرمی اور ہوا کا بہتر طور پر مقابلہ کر سکیں۔ ان میں تشہیر کے لیے بھی مناسب جگہ موجود ہے، اور یہ شہری انفراسٹرکچر میں ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دینے کی بہترین مثال ہیں۔”

آر ٹی اے کی کارپوریٹ ایڈمنسٹریٹو سپورٹ سروسز سیکٹر کی ڈائریکٹر شیخہ احمد الشیخ نے بتایا:
"ہم نے ان شیلٹرز میں نصب ڈیجیٹل اسکرینز کی جانچ کی ہے جو بسوں کی آمد و رفت سے متعلق معلومات فراہم کرتی ہیں۔ ان کی مسلسل صفائی اور سینیٹائزیشن کے لیے خصوصی گشت بھی تعینات کیے گئے ہیں تاکہ صحت و صفائی کے اصولوں پر مکمل عمل ہو سکے۔”

مزید یہ کہ آر ٹی اے نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ ان ایئرکنڈیشنڈ شیلٹرز سے متعلق کوئی بھی رائے یا تجویز "مدينتي” سروس کے ذریعے، آر ٹی اے دبئی ایپ پر فراہم کریں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button