
خلیج اردو
دبئی — دبئی کی فوجداری عدالت نے ایک ایشیائی خاتون کو سرمایہ کار سے بھاری رقم چوری کرنے پر دو سال قید اور 28 لاکھ 50 ہزار درہم جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ سزا مکمل ہونے کے بعد خاتون کو ملک بدر بھی کیا جائے گا۔ کیس میں ملوث دیگر دو ملزمان، جو اسی قومیت سے تعلق رکھتے ہیں، کو بری کر دیا گیا۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق، یہ واقعہ رواں سال جنوری میں پیش آیا جب ایک سرمایہ کار نے دیرہ میں اپنے اپارٹمنٹ سے بڑی رقم چوری ہونے کی رپورٹ درج کرائی۔ متاثرہ شخص نے بتایا کہ اس نے مذکورہ خاتون کو اپنے گھر میں ٹھہرایا تھا۔ خاتون پہلے اس کی کمپنی میں کام کر چکی تھی لیکن بعد میں ملک چھوڑ چکی تھی۔
واردات کے روز متاثرہ شخص نے خاتون کے ساتھ دبئی کے ایک منی ایکسچینج آفس کا دورہ کیا، جہاں اس نے ایک دوست کی جانب سے رہائشی یونٹ خریدنے کے لیے دی گئی 20 لاکھ درہم کی رقم وصول کی۔
سرمایہ کار نے یہ رقم، 85 ہزار درہم کے اضافی رقم کے ساتھ ایک بیگ میں رکھ کر اپنے لونگ روم میں رکھا۔ اگلی صبح جب وہ بیدار ہوا تو خاتون اور رقم دونوں غائب تھے۔
تفتیش میں شامل ایک پولیس افسر کے مطابق، خاتون رقم چوری کرنے کے بعد متحدہ عرب امارات سے فرار ہو گئی اور چوری شدہ رقم کسی دوسرے شخص کے حوالے کر دی۔ حکام نے خاتون کا سراغ لگا کر گرفتار تو کر لیا تاہم چوری شدہ رقم میں سے صرف 14 لاکھ درہم ہی برآمد ہو سکے۔







