متحدہ عرب امارات

بھائی کی شادی میں شرکت کیلئے زندگی کی رسک،دبئی سے بیروت: پروازوں میں خلل کے باوجود بھائی کی شادی میں شرکت، لبنانی شہری کا جذباتی سفر

خلیج اردو
بیروت: اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث فضائی حدود کی بندش اور پروازوں کی منسوخی کے باوجود دبئی میں مقیم لبنانی شہری انتھونی سباعلی بالآخر 24 گھنٹے کی تاخیر سے اپنے بھائی کی شادی میں شرکت کے لیے بیروت پہنچ گئے۔

انتھونی، جو پیشے کے اعتبار سے سرجیکل روبوٹکس انجینئر ہیں، جمعے کی دوپہر کو دبئی سے روانہ ہونا چاہتے تھے مگر علاقائی فضائی صورتحال کے باعث ان کی پرواز منسوخ کر دی گئی۔ دبئی ایئرپورٹ پر 12 گھنٹے انتظار کے بعد وہ مایوس لوٹے، لیکن ہفتے کی صبح انہیں اطلاع ملی کہ فضائی حدود عارضی طور پر کھل گئی ہے اور ان کی پرواز دوبارہ شیڈول کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا: "یہ ایک انتہائی مشکل صورتحال تھی کیونکہ تمام پروازیں منسوخ ہو چکی تھیں۔ میں مہینوں سے اس شادی کی تیاری کر رہا تھا، مگر جیسے ہی فضائی حدود بند ہوئیں، میں کچھ سمجھ نہ سکا کہ کیا کیا جائے۔ خوش قسمتی سے میری پرواز ہفتے کی شام روانہ ہوئی اور میں وقت پر بیروت پہنچ کر اپنے بھائی کی شادی کی خوشیوں میں شریک ہو سکا۔”

انتھونی کے مطابق وہ ابتدائی طور پر ایک اور ایئرلائن سے ٹکٹ بک کر چکے تھے، مگر پرواز منسوخ ہو گئی۔ انہوں نے فوراً دوسری ایئرلائن سے ٹکٹ حاصل کیا لیکن جب ایئرپورٹ پہنچے تو انہیں بتایا گیا کہ وہ طیارہ بھی اڑان نہیں بھر سکے گا۔ مایوس ہو کر وہ گھر واپس لوٹے مگر ہفتے کی صبح جیسے ہی فضائی حدود کھلنے کی اطلاع ملی، انہوں نے فوراً ایئرپورٹ کا رخ کیا۔

انہوں نے کہا: "میں بہت فکرمند تھا کیونکہ صورتحال لمحہ بہ لمحہ بدل رہی تھی۔ مگر شکر ہے میں بروقت پہنچا اور چند گھنٹوں بعد ہی فضائی حدود دوبارہ بند ہو گئیں۔ بھائی کی شادی میں شامل ہونا ایک ایسا لمحہ تھا جو میں کسی صورت کھونا نہیں چاہتا تھا۔”

انتھونی نے دبئی ایئرپورٹ اور متعلقہ ایئرلائن کے عملے کی تعریف کرتے ہوئے کہا: "انہوں نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں ہمارے آرام کا خیال رکھا اور بھرپور تعاون کیا۔”

انتھونی 29 جون کو دبئی واپسی کا ارادہ رکھتے ہیں اور اُمید کرتے ہیں کہ حالات اُس وقت تک معمول پر آ چکے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا: "مجھے 30 جون کو دوبارہ کام پر واپس آنا ہے، اس لیے دعا ہے کہ سب کچھ پرسکون ہو جائے اور میری واپسی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ ہم سب دعا گو ہیں کہ یہ تنازع مزید نہ بڑھے اور امن قائم ہو۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button