
خلیج اردو
خلیج عمان: متحدہ عرب امارات کی وزارت توانائی و انفراسٹرکچر نے تصدیق کی ہے کہ 17 جون کی رات آئل ٹینکر ADALYNN اور کارگو جہاز Front Eagle کے درمیان خلیج عمان میں ہونے والا تصادم "ایک جہاز کی نیویگیشن میں غلطی” کے باعث پیش آیا۔
وزارت کے مطابق، حادثہ اماراتی ساحل سے تقریباً 24 ناٹیکل میل کے فاصلے پر ہوا، جس کے نتیجے میں دونوں جہازوں کے بیرونی حصوں کو معمولی نقصان پہنچا، ایک مختصر آئل اسپِل ہوا، اور ایک جہاز کے ایندھن کے ٹینک میں آگ لگ گئی۔ تاہم متعلقہ اداروں کی فوری مداخلت سے آگ پر قابو پا لیا گیا۔
تمام عملہ محفوظ، فوری انخلاء مکمل
یواے ای نیشنل گارڈ نے بتایا کہ دونوں جہازوں پر مجموعی طور پر 24 افراد سوار تھے جنہیں ریسکیو کشتیوں کے ذریعے فوری طور پر نکال کر خورفکان بندرگاہ منتقل کیا گیا۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
جہازوں کی شناخت اور ابتدائی تفصیلات
تصادم رات 1:30 بجے پیش آیا۔ آئل ٹینکر ADALYNN اینٹیگوا اور باربوڈا کے پرچم تلے سفر کر رہا تھا، جبکہ کارگو جہاز Front Eagle لائبیریا کے پرچم کے ساتھ تھا۔
وزارت نے بتایا کہ واقعے کی بین الاقوامی میرین اداروں کے تعاون سے مکمل اور شفاف تفتیش جاری ہے، جو اعلیٰ بین الاقوامی سمندری معیار کے مطابق کی جائے گی۔
حادثے کا سیکیورٹی سے کوئی تعلق نہیں
یہ واقعہ آبنائے ہرمز کے قریب پیش آیا، جو حالیہ مہینوں میں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران الیکٹرانک مداخلت کی خبروں کی وجہ سے حساس قرار دی جا چکی ہے۔ تاہم برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی فرم Ambrey نے تصدیق کی کہ یہ واقعہ سیکیورٹی نوعیت کا نہیں تھا۔
آبنائے ہرمز کی اہمیت
آبنائے ہرمز دنیا کی سب سے اہم تیل گزرگاہوں میں شامل ہے، جہاں سے دنیا کی کل خام تیل کھپت کا پانچواں حصہ گزرتا ہے۔ Vortexa کے اعداد و شمار کے مطابق، 2022 سے لے کر گزشتہ ماہ تک روزانہ 17.8 سے 20.8 ملین بیرل تیل، کنڈنسٹ اور دیگر ایندھن یہاں سے گزرتے رہے ہیں۔





