
خلیج اردو
راس الخیمہ: راس الخیمہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے اپنے توسیعی منصوبے کے تحت 30,000 مربع میٹر پر مشتمل نیا ٹرمینل متعارف کرا دیا ہے، جس کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا اور آئندہ برسوں میں 30 لاکھ مسافروں کو خوش آمدید کہنا ہے۔
محکمہ شہری ہوا بازی اور ایئرپورٹ بورڈ کے چیئرمین شیخ سالم بن سلطان القاسمی کی قیادت میں یہ منصوبہ راس الخیمہ کو متحدہ عرب امارات میں ایک نمایاں سیاحتی اور فضائی مرکز بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
جدید سہولیات اور لگژری مسافروں کے لیے الگ ٹرمینل
شیخ سالم نے خلیج ٹائمز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ نیا ٹرمینل جدید بیگیج ہینڈلنگ سسٹمز، الیکٹرانک گیٹس، اپ گریڈ شدہ کسٹمز و پولیس خدمات، اور بہتر امیگریشن کنٹرول جیسی سہولیات سے لیس ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ نجی طیاروں کے لیے ایک الگ پرائیویٹ ایوی ایشن ٹرمینل بھی قائم کیا جائے گا، جہاں ہینگرز اور مخصوص پارکنگ ایریاز ہوں گے، تاکہ لگژری ٹریول سیکٹر کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
سیاحت اور معیشت کی مضبوطی کا ذریعہ
یہ منصوبہ راس الخیمہ کے سیاحتی وژن کا حصہ ہے، خاص طور پر المرجان آئی لینڈ جیسے مقامات پر نئے ہوٹلوں اور ریزورٹس کے آغاز کے بعد مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے۔
ایئرپورٹ کا یہ نیا فیز 2028 تک مکمل کیا جائے گا، جو مقامی کمپنیوں کی شراکت اور ایک نجی کاری منصوبے کے تحت آپریشنل مؤثریت کو بہتر بنائے گا۔
کارگو اور مرمت مرکز کا قیام بھی شامل
توسیع کا دائرہ صرف مسافروں تک محدود نہیں بلکہ ایک نیا کارگو آپریٹر بھی راس الخیمہ ایئرپورٹ کو اپنا علاقائی مرکز بنا چکا ہے، جو اب تک 100 سے زائد فریٹ پروازیں مکمل کر چکا ہے۔ مزید برآں، ایک ایئرکرافٹ مینٹیننس سینٹر قائم کرنے کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے۔
ماحولیاتی ٹیکنالوجی کا استعمال
نیا ٹرمینل ماحول دوست ٹیکنالوجیز سے بھی لیس ہوگا، جن میں توانائی بچانے والی LED لائٹس، جیوتھرمل ہیٹ پمپس، اور واٹر ری سائیکلنگ سسٹمز شامل ہیں۔
شیخ سالم کے مطابق، یہ ٹرمینل مشرق وسطیٰ اور ایشیا کا پہلا ایئرپورٹ ہوگا جہاں DYNAES کا تھرموڈائنامک انرجی ایفیشنسی سسٹم نافذ کیا جائے گا۔
مسافروں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ
2025 کے پہلے چار ماہ میں راس الخیمہ ایئرپورٹ سے 332,280 مسافروں نے سفر کیا، جن میں 164,691 آمد، 144,045 روانگی، اور 23,544 ٹرانزٹ مسافر شامل تھے۔
2024 میں بھی ایئرپورٹ نے گزشتہ برس کے مقابلے میں 28 فیصد زیادہ آمد ریکارڈ کی، جبکہ کل مسافروں کی تعداد 661,000 سے تجاوز کر گئی، جو 2022 کے مقابلے میں تقریباً دوگنا تھی۔
ایئرپورٹ سے اس وقت ایئرعربیہ، انڈیگو، اور ایئر انڈیا ایکسپریس جیسی ایئرلائنز کی پروازیں قاہرہ، جدہ، پاکستان، بھارت، ماسکو اور پراگ تک جاتی ہیں، جبکہ مزید عالمی ایئرلائنز سے رابطے جاری ہیں۔
شیخ سالم نے کہا: "یہ صرف توسیع نہیں، بلکہ راس الخیمہ کے لیے ایک گیم چینجر ہے۔ یہ ایئرپورٹ جلد دنیا کو ہماری پہاڑوں، ساحلوں، اور لگژری ریزورٹس سے جوڑنے والا مرکزی دروازہ بن جائے گا۔







