متحدہ عرب امارات

یو اے ای نے ایران میں موجود شہریوں اور رہائشیوں کو بحفاظت نکال لیا، خطے میں سفارتی کوششیں تیز

خلیج اردو
ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے پیش نظر ایران میں موجود اپنے شہریوں اور رہائشیوں کو بحفاظت نکال لیا ہے۔ جمعہ کو آٹھویں روز میں داخل ہونے والی اس کشیدہ صورتحال کے دوران یو اے ای نے یہ قدم ایران کے متعلقہ حکام کے تعاون سے اٹھایا۔

یاد رہے کہ 13 جون کو اسرائیل کی جانب سے ایران پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان شدید کشیدگی جاری ہے، جس میں ایران کے اعلیٰ فوجی افسران مارے گئے تھے۔ اس کے بعد سے دونوں ملک مہلک حملوں کا تبادلہ کر رہے ہیں۔

یو اے ای وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ اس بحران کے خاتمے کے لیے تمام فریقین کے ساتھ مسلسل اور فعال سفارتی مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزارت کے مطابق، علاقائی استحکام، انصاف اور خوشحالی کے لیے صرف سفارتکاری اور مکالمے پر مبنی جامع حکمت عملی ہی واحد راستہ ہے۔

منگل کے روز صدرِ مملکت شیخ محمد بن زاید النہیان نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو میں ایران اور اس کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے سنگین علاقائی اثرات پر بھی بات چیت کی۔

ادھر اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے تہران میں جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے متعلق تحقیقاتی ادارے، میزائل تیار کرنے والے مراکز اور ایران کے مغربی و وسطی علاقوں میں متعدد فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔

جواباً ایران نے جمعہ کی صبح جنوبی اسرائیلی شہر بیر شیبہ میں رہائشی عمارتوں، دفاتر اور صنعتی تنصیبات کے قریب میزائلوں کی نئی بارش کردی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button