متحدہ عرب امارات

شارجہ ایئرپورٹ پر گرمیوں میں مسافروں کا رش، 15 جولائی تک 8 لاکھ سے زائد افراد کی آمد و رفت متوقع

خلیج اردو
شارجہ: شارجہ ایئرپورٹ نے اعلان کیا ہے کہ یکم سے 15 جولائی 2025 کے دوران گرمیوں کے عروج کے سیزن میں مسافروں کی آمد و رفت میں نمایاں اضافہ ہوگا، اور اس دوران 8 لاکھ سے زائد مسافروں کی آمد و روانگی متوقع ہے۔

ایئرپورٹ انتظامیہ نے بتایا ہے کہ اس دوران تمام مسافروں کے لیے ایک مربوط اور آرام دہ سفری تجربے کو یقینی بنانے کے لیے مکمل منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔ حکام نے مسافروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ممکنہ تاخیر سے بچنے کے لیے پرواز سے تین گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچیں، اور اپنی ایئرلائن سے پیشگی رابطہ کر کے روانگی کے وقت کی تصدیق کریں۔

اس سے قبل دبئی ایئرپورٹس، امارات ایئرلائن اور الاتحاد ایئر ویز نے بھی مسافروں کو موسم گرما کی سفری ہجوم کے پیش نظر جلد آنے اور آن لائن چیک ان کو ترجیح دینے کی ہدایات جاری کی تھیں۔

یاد رہے کہ خطے میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی، اور ایران کی جانب سے قطر میں امریکی اڈے پر حملے کے بعد کئی پروازیں معطل کر دی گئی تھیں، تاہم جنگ بندی کے اعلان کے بعد امارات کی تمام بڑی ایئرلائنز نے اپنی معمول کی پروازیں چند گھنٹوں میں بحال کر دیں۔

ایئر عربیہ، جو شارجہ میں قائم ہے، نے 25 جون کو اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ خطے کی فضائی حدود کھلنے کے ساتھ ہی وہ مرحلہ وار ان پروازوں کو بحال کر رہی ہے جو عارضی طور پر معطل کی گئی تھیں۔

شارجہ ایئرپورٹ اتھارٹی (SAA) کا کہنا ہے کہ اس نے چوبیس گھنٹے عملہ تعینات کر رکھا ہے تاکہ مسافروں کی رہنمائی، سہولت اور اسمارٹ سروسز کے مؤثر استعمال میں ان کی مدد کی جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button