
خلیج اردو
فجیرہ – 30 جون 2025ء
متحدہ عرب امارات اور عرب دنیا کی تاریخ میں پہلی بار فجیرہ شہر میں ایک ایسی سڑک متعارف کرائی گئی ہے جو گاڑیوں کے گزرنے پر موسیقی بجاتی ہے۔ شیخ خلیفہ اسٹریٹ پر واقع یہ "موسیقی بجانے والی سڑک” (Musical Street) 750 میٹر کے فاصلے پر پھیلی ہوئی ہے اور یہاں سے گزرتی گاڑیوں کے پہیے بیتهووَن کی نائنتھ سمفنی (Ninth Symphony) کی دُھن بجاتے ہیں۔
یہ انوکھا منصوبہ فجیرہ فائن آرٹس اکیڈمی نے شروع کیا ہے، جو کہ آرٹ کو عوامی زندگی اور روزمرہ معمولات کا حصہ بنانے کے لیے سرگرم ہے۔ اکیڈمی کے مطابق یہ اقدام تخلیقی اظہار کو عام کرنے اور فن کو زندگی کے ہر شعبے سے جوڑنے کی ایک نئی کوشش ہے۔
فجیرہ فائن آرٹس اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل، علی عبید الحافتی نے کہا:
"ہم یقین رکھتے ہیں کہ موسیقی ایک آفاقی زبان ہے، جو روزمرہ کے سفر کو بھی ایک خوبصورت لمحہ بنا سکتی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ فن اور زندگی کو جوڑنے کا ایک عملی مظہر ہے، جس کا مقصد امارت کے ہر کونے میں خوبصورتی اور تخلیق کو فروغ دینا ہے۔
مقامی رہائشیوں اور سیاحوں نے اس نئے تجربے کو خوب سراہا ہے اور کہا ہے کہ عام سفر کو یہ سڑک ایک فنکارانہ تجربے میں بدل دیتی ہے، جو نہ صرف دلچسپ ہے بلکہ یادگار بھی۔







