
خلیج اردو
دبئی – 30 جون 2025ء
دبئی نے مستقبل کی سفری سہولیات کی جانب ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے فضائی ٹیکسی (Air Taxi) کی پہلی کامیاب آزمائشی پرواز مکمل کر لی ہے۔ یہ پرواز جو بی ایوی ایشن (Joby Aviation) کی تیار کردہ الیکٹرک فضائی ٹیکسی کے ذریعے کی گئی، جو 2026 کی پہلی ششماہی میں تجارتی سروس کے آغاز کی تیاریوں کا حصہ ہے۔
یہ آزمائشی پرواز دبئی-العیِن روڈ پر واقع مارغم میں دبئی جیٹ مین ہیلی پیڈ پر کی گئی، جہاں طیارے نے متعدد چکر مکمل کیے۔ اس موقع پر میڈیا نمائندوں اور جو بی ایوی ایشن کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
دبئی کے ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے اس کامیابی کو "دبئی کے جدید انفرااسٹرکچر اور پائیدار سفری سہولتوں کے وژن” کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ ان کے مطابق یہ ٹیکنالوجی نہ صرف سفری فاصلوں کو کم کرے گی بلکہ شہری زندگی کے معیار کو بہتر بنائے گی۔
12 منٹ میں ائیرپورٹ سے پام جمیرہ تک
دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) کے ڈائریکٹر جنرل مطر الطایر کے مطابق یہ فضائی ٹیکسی سروس شہر کے مختلف اہم مقامات پر تیز، محفوظ اور پرتعیش سفر فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ "دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے پام جمیرہ تک کا سفر صرف 12 منٹ میں مکمل ہوگا، جو کہ کار کے ذریعے تقریباً 45 منٹ کا ہے۔”
یہ سروس عوامی ٹرانسپورٹ اور انفرادی نقل و حرکت کے دیگر ذرائع جیسے ای-سکوٹرز اور بائیسکلز سے بھی منسلک ہوگی، تاکہ شہریوں کے لیے ایک ہموار اور مربوط سفری تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
الیکٹرک ٹیکنالوجی، خاموش اور ماحول دوست
جو بی ایوی ایشن کے صدر دیدیئر پاپاڈوپولس کے مطابق یہ فضائی ٹیکسی الیکٹرک ورٹیکل ٹیک آف اینڈ لینڈنگ (eVTOL) ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، جو ایک پائلٹ اور چار مسافروں کو لے جا سکتی ہے۔ یہ طیارہ 320 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر سکتا ہے اور 450 کلوگرام تک وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ روایتی ہیلی کاپٹر کے مقابلے میں 100 گنا کم شور پیدا کرتا ہے۔
پرواز تین مراحل پر مشتمل ہوتی ہے: پہلا، عمودی ٹیک آف؛ دوسرا، تھرسٹ ٹرانزیشن؛ اور تیسرا، مکمل افقی پرواز۔ چارجنگ سسٹم بھی جدید ہے، جو طیارے کو صرف 8 سے 10 منٹ میں دوبارہ چارج کر دیتا ہے، جس سے یہ سروس متواتر چلتی رہتی ہے۔
سروس، بکنگ اور کرایہ
پہلا فضائی راستہ دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ (DXB) سے دبئی مرینا تک ہوگا، جس کے بعد ڈاؤن ٹاؤن اور پام جمیرہ تک توسیع کی جائے گی۔ صارفین Joby کی ایپ کے ذریعے ٹکٹ بک کر سکیں گے۔ کمپنی کا ہدف ہے کہ کرایے پریمیم رائیڈ ہیلنگ سروسز (جیسے کہ اعلیٰ درجے کے Uber) کے مساوی ہوں، تاہم مستقبل میں نیٹ ورک کو بہتر بنا کر کرایوں میں کمی کی جائے گی۔
محفوظ اور پائیدار سفر کی ضمانت
پاپاڈوپولس نے اس ٹیکسی کو "انتہائی محفوظ” قرار دیا اور بتایا کہ ہر پرواز سے قبل اور بعد میں نہ صرف طیارے کو چارج کیا جاتا ہے بلکہ اس کی بیٹریوں کو مکمل طور پر کنڈیشن کیا جاتا ہے تاکہ طیارہ ہر بار بہترین حالت میں پرواز کے لیے تیار ہو۔
دبئی میں یہ منصوبہ جدید انفرااسٹرکچر کے وژن، پائیدار توانائی کے استعمال اور شہری سہولتوں کی بہتری کی جانب ایک عملی قدم ہے، جس کے ذریعے امارات عالمی سطح پر ٹیکنالوجی اور انوویشن کا مرکز بننے کی جانب گامزن ہے۔







