
خلیج اردو
دبئی – 30 جون 2025ء
دبئی پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ یو اے ای میں فراڈیوں نے نئی چالاکیاں اختیار کر لی ہیں، جن کے ذریعے وہ لوگوں کے جذبات اور ہمدردی کو استعمال کرتے ہوئے ان سے رقم نکلوا لیتے ہیں۔ تازہ ترین وارننگ میں عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کسی اجنبی کی جانب سے بھاری رقم "غلطی سے” آپ کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے تو فوری طور پر اس رقم کو کسی دوسرے اکاؤنٹ میں منتقل نہ کریں۔
دبئی پولیس کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو ایڈوائزری میں ایک شخص کی مثال دی گئی ہے جسے بڑی رقم بینک اکاؤنٹ میں موصول ہوتی ہے، اور فوراً بعد ایک کال آتی ہے جس میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ یہ رقم غلطی سے بھیجی گئی ہے۔
کال کرنے والا شخص متاثرہ فرد سے کہتا ہے کہ یہ رقم دراصل اس کے "دوست” کی ہے جسے بیٹی کے علاج کے لیے ہنگامی طور پر رقم کی ضرورت ہے۔ متاثرہ شخص ہمدردی میں آ کر وہ رقم ایک اجنبی اکاؤنٹ میں منتقل کر دیتا ہے۔ تاہم دو دن بعد اسے بینک کی جانب سے ایک پیغام موصول ہوتا ہے کہ اس کے اکاؤنٹ کو پالیسی کی خلاف ورزی پر فلیگ کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ اگر انہیں کسی اجنبی کی جانب سے رقم موصول ہو، تو فوری طور پر 901 پر اطلاع دیں اور کسی بھی حالت میں رقم کو ازخود منتقل نہ کریں۔ اس عمل سے نہ صرف مالی نقصان ہو سکتا ہے بلکہ قانونی پیچیدگیاں بھی پیدا ہو سکتی ہیں۔







