متحدہ عرب امارات

بشریٰ انصاری کا بھارت کو مشورہ: "ڈمپل گرل” سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں، بچوں والی باتیں نہ کریں

خلیج اردو
اداکارہ و میزبان بشریٰ انصاری نے اپنے حالیہ یوٹیوب ولاگ میں بھارتی رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت والوں کو بچوں والی باتوں سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ ایک پیاری سی بچی ہانیہ عامر کو بھارتی فلم میں کاسٹ کرنے سے قیامت نہیں آ جاتی۔

انہوں نے پنجابی فلم سردار جی تھری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دلجیت دوسانجھ کی فلم پاکستان میں ریلیز ہونا خوش آئند بات ہے اور عوام نے اسے پسند بھی کیا۔ بشریٰ انصاری نے ہانیہ عامر کی محنت کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ سردی، گرمی کی پرواہ کیے بغیر اپنا کام دل سے کرتی ہیں، اور ان کی کامیابی ان کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت والوں نے ہانیہ عامر پر پابندی عائد کر دی، جو کہ محض ایک باصلاحیت اور خوبصورت لڑکی ہے۔ بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ بھارتیوں کو ایسی بچگانہ حرکات سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور فنکاروں کو سیاست سے بالا تر سمجھا جانا چاہیے۔

اپنے ولاگ میں بشریٰ انصاری نے ایک بار پھر معروف بھارتی شاعر جاوید اختر کے ایک بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام لتا منگیشکر کی گائیکی کے ہمیشہ سے معترف رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لتا منگیشکر کو پاکستان مدعو کرنے کی کوششیں ضرور کی گئی ہوں گی، لیکن ممکن ہے وہ خود ذاتی یا سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر نہ آئی ہوں۔ انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ پاکستانیوں نے لتا منگیشکر کو کبھی نہیں بلایا۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ جاوید اختر، دلیپ کمار، شتروگن سنہا، ریکھا، وشال بھردواج اور گلزار جیسے بڑے بھارتی فنکار پاکستان آ چکے ہیں، اور یہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ایسے میں بار بار شکوہ کرنا کہ پاکستانیوں نے فلاں بھارتی فنکار کو نہیں بلایا، مناسب نہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button