
خلیج اردو
ابوظہبی: یورپی یونین کی جانب سے متحدہ عرب امارات کو منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خطرے سے دوچار ممالک کی فہرست سے نکالنے کے حالیہ فیصلے کے بعد ملک میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) میں نمایاں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے، خاص طور پر ریئل اسٹیٹ، فِن ٹیک، گرین ٹیکنالوجی اور لاجسٹکس جیسے شعبوں میں۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) کے ایک مطالعے کے مطابق، جو ممالک اس نوعیت کی فہرستوں سے نکالے جاتے ہیں، وہاں سرمایہ کاری میں جی ڈی پی کے 7.6 فیصد تک اضافہ اور FDI میں تقریباً 3 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس رجحان کی عکاسی کرتے ہوئے، ورلڈ انویسٹمنٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس متحدہ عرب امارات میں FDI میں 49 فیصد اضافہ ہوا جو کہ 45.6 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
مرکزی بینک کے گورنر اور قومی کمیٹی برائے انسداد منی لانڈرنگ و دہشت گردی کی مالی معاونت کے چیئرمین خالد محمد بالاما نے کہا کہ یورپی یونین کا یہ فیصلہ متحدہ عرب امارات کے مالیاتی نظام کے خطرات سے نمٹنے کے عزم کا اعتراف ہے، جو ملک کی مسابقتی حیثیت کو مضبوط بناتا ہے۔
فِن ایکسپرٹیزا یو اے ای کے منیجنگ پارٹنر، عاطف منشی کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف یورپی بلکہ عالمی سطح پر سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا کیونکہ اب سرمایہ کاروں کو کم ریگولیٹری رکاوٹوں کا سامنا ہوگا۔ انہوں نے کہا، ’’کمپلائنس کے اخراجات میں کمی اور ملک کی ساکھ میں بہتری سے سرمایہ کاری کے عمل میں آسانی پیدا ہوگی۔‘‘
سیکسو بینک مینا کے ٹریڈنگ ہیڈ حمزہ دویق کے مطابق، یورپی یونین کی جانب سے کیے گئے اس اعتراف نے متحدہ عرب امارات کی مالیاتی شفافیت اور ضابطہ کاری پر اعتماد میں اضافہ کیا ہے، جو یورپی مارکیٹوں تک رسائی کو مزید آسان بنائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے بین الاقوامی بینکوں، فِن ٹیک کمپنیوں اور اثاثہ جات کے منتظمین کو متحدہ عرب امارات میں داخلے کی ترغیب ملے گی، کیونکہ AML اور CTF قوانین کی تعمیل اب کم پیچیدہ ہو گی۔
سینچری فنانشل کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر وجے ویلیچا نے کہا کہ وال اسٹریٹ اور یو اے ای بینکوں کے درمیان کیپیٹل فلوز میں روانی آئے گی، کمپلائنس کے اخراجات کم ہوں گے، اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ یورپی اداروں کے لیے پاکستانی کلائنٹس کے ساتھ کام کرنے کے اعتماد کو بھی فروغ دے گا۔
ویلیچا نے کہا کہ خاص طور پر لگژری، کمرشل اور برانڈڈ رہائشی منصوبوں میں یورپی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، جبکہ ای-کامرس اور ریٹیل میں بھی ترقی ہوگی۔
ایکس ایس ڈاٹ کام کی سینئر مارکیٹ اینالسٹ رانیہ گول نے کہا کہ فِن ٹیک، گرین فنانس، جدید مینوفیکچرنگ اور مصنوعی ذہانت جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری میں تیزی آئے گی، جو متحدہ عرب امارات کے اقتصادی تنوع اور تیل کے بعد کے وژن کے مطابق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یورپی بینکوں کے ساتھ مالیاتی لین دین میں روانی اور اخراجات میں کمی کے ساتھ ساتھ، ملک کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہونے کی بھی امید ہے، جو مستقبل میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع پیدا کرے گی۔
ناگا کے سینئر ایگزیکٹو آفیسر پال ٹرنر کے مطابق، یہ فیصلہ متحدہ عرب امارات کی اصلاحات کا بین الاقوامی اعتراف ہے، جو ملک کو ایک محفوظ، شفاف اور قابل اعتماد مالیاتی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرے گا۔ انہوں نے کہا، ’’یہ قدم یورپی یونین اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی مذاکرات کو تیز کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔







