
خلیج اردو
شارجہ، 10 جولائی 2025
متحدہ عرب امارات میں موسم گرما کا پہلا مکمل چاند — جسے روایتی طور پر ’بک مون‘ کہا جاتا ہے — گزشتہ رات شارجہ سمیت کئی علاقوں میں آسمان پر نظر آیا۔ دبئی آسٹرونومی گروپ کے مطابق، جولائی میں ہر سال نمودار ہونے والا یہ مکمل چاند امریکی مقامی روایات کے مطابق ہرن کے نر (بک) کے نئے سینگ اگنے کے موسم سے منسوب ہے۔
ماہرین فلکیات نے بتایا کہ 10 جولائی کو شام 7 بج کر 10 منٹ پر مشرقی افق کی جانب نظر دوڑانے والے شائقین نے واضح اور سنہرا چاند دیکھا۔ دبئی آسٹرونومی گروپ کی آپریشنز مینیجر خدیجہ الحریری کے مطابق، مکمل چاند کو آدھی رات تک بہتر انداز میں دیکھا جا سکتا تھا، جب وہ افق کے قریب ہوتا ہے اور زمین کے ماحول سے گزرنے والی روشنی کے باعث نارنجی یا سرخ جھلک لیے ہوتا ہے۔
خدیجہ الحریری نے کہا کہ "اگرچہ یہ نام سائنسی نہیں ہیں، مگر انہیں دنیا بھر میں عوام میں فلکیات کی دلچسپی بڑھانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔”
ماہرین کے مطابق، شمالی نصف کرے میں مکمل چاند افق کے قریب رہتا ہے، جس کے باعث چاند بڑا یا سنہرا نظر آتا ہے، حالانکہ یہ محض ایک بصری دھوکہ ہوتا ہے جسے ’مون الیوشن‘ کہا جاتا ہے۔ جنوبی نصف کرے میں چاند آسمان پر زیادہ اونچائی تک چڑھتا ہے اور منظر مختلف ہوتا ہے۔
بک مون اپنی مکمل چمک 10 جولائی کو رات 8:37 بجے جی ایم ٹی پر حاصل کرتا ہے، تاہم اگر کوئی اسے اس لمحے دیکھنے سے رہ جائے تو ایک دن قبل یا بعد بھی بغیر دوربین کے اس خوبصورت منظر سے لطف اندوز ہو سکتا ہے۔







