
خلیج اردو
فجیرہ، 15 جولائی 2025
عمان میں پیش آنے والے المناک سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے والے تینوں اماراتی شہریوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ عربی اخبار الخلیج کے مطابق حادثے میں جان گنوانے والوں میں 25 سالہ راشد غریب الیمحی، ان کی اہلیہ جواہر محمد الیمحی (عمر 21 سال)، اور ساس خدیجہ علی الیمحی (عمر 51 سال) شامل ہیں۔
راشد غریب الیمحی فجیرہ پولیس میں فرسٹ کارپورل کے طور پر اصلاحی و تعزیری ادارے میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ یہ خاندان گرمیوں کی چھٹیوں میں صلالہ، عمان گیا تھا، تاہم امارات چھوڑنے کے محض 12 گھنٹے بعد یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
حادثے میں خاندان کی آٹھ ماہ کی بچی شدید زخمی ہوئی اور اب بھی عمان میں زیر علاج ہے، جبکہ دیگر کئی افراد زخمی ہوئے جنہیں فجیرہ کے شیخ خلیفہ اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان میں علی الیمحی، ان کی اہلیہ شیخہ السریدی، اور ان کے بچے دلال (4 سال)، محمد (7 سال)، خدیجہ (1 سال)، نیز علی کے بہن بھائی صبیحہ (15 سال) اور حمد (18 سال) شامل ہیں۔
حادثہ جمعے کی صبح ظفار، عمان کے سلطان سعید بن تیمور روڈ پر پیش آیا، جس میں تین گاڑیاں ملوث تھیں۔ عمانی پولیس کے مطابق حادثے میں دو عمانی اور تین اماراتی شہری جان سے گئے جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے جن میں 9 اماراتی ہیں، جن میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔
جاں بحق تینوں افراد کی میتیں عمان سے منتقل کیے جانے کے بعد ہفتے کے روز فجیرہ میں سپرد خاک کر دی گئیں۔ نماز جنازہ عبدالرحمن الناصر مسجد میں ادا کی گئی، جس کے بعد تدفین الدبہ فجیرہ کے الغب قبرستان میں ہوئی۔
مرحوم راشد کے والد غریب الیمحی نے الخلیج سے گفتگو میں کہا، ’’غم و صدمے کے باوجود میں اللہ کی تقدیر اور فیصلے پر یقین رکھتا ہوں۔ موت ایک اٹل حقیقت ہے، ہم صرف مغفرت کی دعا کر سکتے ہیں اور زخمیوں کی صحتیابی کی امید رکھ سکتے ہیں۔‘‘
حادثے کے بعد زخمیوں کو عمان میں ابتدائی طبی امداد دی گئی اور بعد ازاں یو اے ای کی وزارت خارجہ، نیشنل سرچ اینڈ ریسکیو سینٹر، مسلح افواج اور مسقط میں اماراتی سفارتخانے کے تعاون سے فضائی ذریعے سے وطن واپس لایا گیا۔
وزارت خارجہ نے یو اے ای شہریوں کو سڑک کے سفر میں احتیاط برتنے اور ٹریفک قوانین و رفتار کی حد کی سختی سے پابندی کی ہدایت کی ہے۔ ادھر فجیرہ پولیس کے جنرل کمانڈ نے فرسٹ کارپورل راشد غریب الیمحی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی ہے۔







