متحدہ عرب امارات

شارجہ پولیس کی بڑی کارروائی، عالمی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک بے نقاب، بیوی بچوں کو ڈھال بنانے والا عرب شہری گرفتار

خلیج اردو
شارجہ: شارجہ پولیس نے بین الاقوامی سطح پر منشیات اسمگل کرنے والے ایک بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے۔ کارروائی کے دوران ایک عرب شہری کو گرفتار کیا گیا ہے جو اپنی بیوی اور بچوں کو بطور ڈھال استعمال کر کے متحدہ عرب امارات میں منشیات کی اسمگلنگ کر رہا تھا۔

وزارت داخلہ کے مطابق یہ کارروائی کینیڈا اور اسپین سے منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری ایک وسیع آپریشن کا حصہ تھی، جس میں کل سات ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ سیکیورٹی اداروں نے سمندری راستے سے آنے والی 131 کلوگرام منشیات اور نفسیاتی ادویات پر مشتمل ایک بڑی کھیپ پکڑی، جس میں 9,945 نشہ آور کیپسول بھی شامل تھے۔

تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ مرکزی ملزم، جو بظاہر ایک خاندانی شخص کے طور پر دکھائی دیتا تھا، اپنی اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ بارہا امارات آیا۔ وہ مقامی ساتھیوں سے ملاقاتیں کرتا اور خاندانی سیاحت کا تاثر دے کر سیکیورٹی اداروں کو چکمہ دینے کی کوشش کرتا رہا۔

منشیات مخالف ٹیموں نے اس کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی اور بالآخر کامیاب حکمت عملی کے ذریعے اسے گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش میں اس نے اپنی بیوی کے ساتھ مل کر منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا۔

منشیات کی تقسیم کے لیے یہ گروہ ملک میں مختلف مقامات پر نشاندہی کے ذریعے اشیاء چھپاتا اور منتقل کرتا تھا۔ مزید تحقیقات کے بعد ایشیائی ممالک سے تعلق رکھنے والے پانچ دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا گیا جو اس گروہ کی مدد کرتے اور منشیات کو وصول اور تقسیم کرتے تھے۔

حکام نے ایک جدید اسمگلنگ راستہ بھی بے نقاب کیا، جو کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کی بندرگاہ سے اسپین کے مالاگا شہر اور پھر امارات کی بندرگاہ تک پہنچتا تھا۔ منشیات کو گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس کے کنٹینر میں چھپا کر لایا گیا تھا۔

تمام گرفتار شدگان کو عدالتی کارروائی کے لیے حوالے کر دیا گیا ہے، جب کہ وزارت داخلہ دیگر بین الاقوامی ایجنسیوں کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے عالمی روابط کا سراغ لگا کر قانونی کارروائی کی جا سکے۔

دبئی میں بھی منشیات کے خلاف کامیاب کارروائیاں

علاوہ ازیں، دبئی پولیس نے علیحدہ کارروائی میں تین بیلجین باشندوں کو گرفتار کر کے ان کے ملک کے حوالے کیا۔ یہ افراد بین الاقوامی جرائم، منشیات اور انسانی اسمگلنگ جیسے سنگین الزامات میں مطلوب تھے۔

ایک اور کیس میں دبئی پولیس نے 15 افراد کو گرفتار کیا، جن میں 10 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں۔ یہ گروہ نشہ آور مادے سے بھری ہوئی ٹافیاں اور چیونگم منشیات کے طور پر فروخت کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ حکام کے مطابق، ان کے قبضے سے 50 کلوگرام منشیات اور 1,100 نشہ آور مٹھائیاں برآمد ہوئیں، جن کی مالیت تقریباً 24 لاکھ درہم ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button