متحدہ عرب امارات

شارجہ میں بھارتی خاتون کی پراسرار موت، شوہر پر جہیز اور جسمانی تشدد کے الزامات، بھارت میں مقدمہ درج

خلیج اردو
شارجہ: شارجہ کے علاقے رولہ پارک کے قریب 19 جولائی کو اپنی رہائش گاہ میں مردہ پائی جانے والی 30 سالہ اتھولیا شیکھر کی موت کے بعد بھارت میں ان کے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا اور سماجی کارکن عبداللہ کمنپلم کے مطابق، متوفیہ کے والدین کی جانب سے دائر کردہ شکایت میں شوہر پر جسمانی تشدد، غیرقانونی قید، خودکشی پر اکسانے، خطرناک ہتھیار سے زخمی کرنے اور جہیز کے مطالبے جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

عبداللہ کمنپلم نے بتایا کہ شوہر کے خلاف بھارت میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں خاتون کو خودکشی پر مجبور کرنا، سنگین چوٹ پہنچانا، غیر قانونی قید، گھریلو تشدد اور جہیز ایکٹ کے تحت کارروائی شامل ہے۔ پولیس نے شوہر کے خلاف لوک آؤٹ نوٹس جاری کر دیا ہے، جس کے تحت بھارت پہنچتے ہی اسے فوری طور پر گرفتار کر لیا جائے گا۔

اتھولیا کی لاش کے حوالے سے شارجہ پولیس کی جانب سے فرانزک رپورٹ جلد جاری ہونے کا امکان ہے، جبکہ لاش کی وطن واپسی کے انتظامات جاری ہیں۔ عبداللہ کمنپلم اہلِ خانہ کی قانونی معاونت اور میت کی واپسی میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔ متوقع ہے کہ چند روز میں اتھولیا کی لاش ریاست کیرالہ روانہ کر دی جائے گی۔

بھارتی قونصل خانے نے خلیج ٹائمز کو جاری بیان میں کہا، "ہم اتھولیا شیکھر کے خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، ہمارا عملہ ان کے اہل خانہ اور شارجہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔”

اتھولیا گزشتہ دو سال سے شارجہ میں مقیم تھیں اور حال ہی میں ایک قریبی مال میں نوکری شروع کرنے والی تھیں۔ موت سے ایک روز قبل انہوں نے اپنی سالگرہ منائی تھی اور اپنی بہن کے ساتھ مٹھائیاں تقسیم کی تھیں۔ وہ خوش اور پرجوش نظر آتی تھیں۔

اتھولیا کے پیچھے ان کے شوہر اور 10 سالہ بیٹی سوگوار ہیں، جو اس وقت بھارت میں اپنے نانا نانی کے ساتھ رہائش پذیر ہے۔ ان کے والد، جو ماضی میں خلیجی ممالک میں مقیم رہے، اب کیرالہ میں رکشہ چلا کر گزر بسر کرتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button