
خلیج اردو
شارجہ کے ایک اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں پائی جانے والی 30 سالہ بھارتی خاتون اتھولیا شیکھر کی آخری رسومات بدھ کے روز بھارت کی ریاست کیرالہ کے ضلع کولام میں ادا کر دی گئیں۔ بھارتی ایسوسی ایشن شارجہ کے سماجی کارکنوں نے خلیج ٹائمز کو تصدیق کی کہ اتھولیا کی میت پیر کی شب بھارت روانہ کی گئی تھی۔
اتھولیا شیکھر گزشتہ چند برسوں سے اپنے شوہر کے ہمراہ متحدہ عرب امارات میں مقیم تھیں جبکہ ان کی 10 سالہ بیٹی بھارت میں رہائش پذیر ہے۔ اہل خانہ کی درخواست پر اتھولیا کا پوسٹ مارٹم کیا گیا جس کے بعد آخری رسومات ادا کی گئیں۔
حکام نے ابتدائی تحقیقات میں اس بات کی تصدیق کی کہ اتھولیا نے خودکشی کی۔ ان کی موت کے بعد بھارت میں ان کے شوہر کے خلاف جہیز ایکٹ اور گھریلو تشدد کے تحت قانونی مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی گرفتاری کے لیے لُک آؤٹ نوٹس بھی جاری کیا جا چکا ہے۔
اتھولیا کی موت اور اس سے چند روز قبل پیش آنے والے ایک اور بھارتی خاتون اور اس کے بچے کی ہلاکت کے واقعے کے بعد شارجہ حکام اور بھارتی ایسوسی ایشن نے خاندانی مسائل کا سامنا کرنے والے رہائشیوں کے لیے خفیہ کونسلنگ سیشنز کا آغاز کر دیا ہے تاکہ ان کی ذہنی اور جذباتی معاونت کی جا سکے۔






