
خلیج اردو
دبئی: امریکہ کی معروف کمپنی ایم جی ایم ریزورٹس انٹرنیشنل نے اعلان کیا ہے کہ دبئی میں اس کا مجوزہ ریزورٹ 2028 کی دوسری ششماہی میں کھول دیا جائے گا۔ ابتدائی منصوبہ بندی کے مطابق اس کی تکمیل 2027 میں متوقع تھی تاہم اب ایک سال کی تاخیر کے ساتھ منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔
کمپنی کے سی ای او اور صدر ولیم ہورن بکل نے ایک پریزنٹیشن میں کہا کہ "دبئی کا منصوبہ اپنی رفتار پکڑ چکا ہے اور ہم 2028 کی دوسری ششماہی میں افتتاح کی توقع رکھتے ہیں”۔
2025 کی پہلی سہ ماہی کی آمدنی کال میں ہورن بکل نے کہا تھا کہ دبئی میں ایم جی ایم ٹاور کی تعمیر تیزی سے جاری ہے اور یہ 2027 میں مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ "ایم جی ایم ٹاور کی پانچویں منزل تک تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور یہ ایک شاندار منصوبہ ہے جس میں مختلف تفریحی سہولیات شامل ہوں گی۔ امید ہے کہ ہم اس میں گیمنگ کی سہولت بھی شامل کر سکیں گے۔”
ایم جی ایم ریزورٹس انٹرنیشنل نے دبئی کی وصل ہاسپیٹیلیٹی کے ساتھ نان-گیمنگ مینجمنٹ معاہدہ کیا ہے جس کے تحت بیلاجیو، آریا اور ایم جی ایم گرینڈ برانڈز دبئی میں متعارف کرائے جائیں گے۔
گزشتہ سال اسکفٹ گلوبل فورم 2024 میں ہورن بکل نے بتایا تھا کہ ایم جی ایم نے یو اے ای میں گیمنگ سہولت کے لائسنس کے لیے درخواست دی ہے۔ ایم جی ایم ریزورٹس، وِن ریزورٹس کے بعد یو اے ای میں گیمنگ ریزورٹ کے لائسنس کے لیے درخواست دینے والی دوسری امریکی کمپنی ہے۔ وِن ریزورٹس کو راس الخیمہ میں "وِن المرجان” کے نام سے گیمنگ ریزورٹ کے لیے لائسنس جاری ہو چکا ہے۔
ایم جی ایم ریزورٹس نے دوسری سہ ماہی میں اپنی اب تک کی سب سے زیادہ مجموعی آمدنی ریکارڈ کی ہے۔ کمپنی نے اس سہ ماہی میں 4.4 ارب ڈالر کے مجموعی خالص ریونیو کا اعلان کیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 2 فیصد زیادہ ہے۔ اس اضافے کی بنیادی وجہ ایم جی ایم چائنا اور دیگر علاقائی آپریشنز کی کارکردگی میں بہتری ہے۔






