متحدہ عرب امارات

 یواےای میں تیل کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کو دس سال مکمل، 24 فیصد اضافے کی یادیں تازہ

خلیج اردو
دبئی، 1 اگست 2025:
دس سال قبل آج ہی کے دن، یکم اگست 2015 کو متحدہ عرب امارات نے ایندھن پر دی جانے والی سبسڈی ختم کرتے ہوئے تیل کی قیمتوں کو عالمی نرخوں کے ساتھ ہم آہنگ کر دیا تھا۔ یہ ہفتہ کا دن تھا جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 24 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا، جس سے ملک بھر کے صارفین کو بڑا جھٹکا لگا۔

وزارت توانائی نے 28 جولائی 2015 کو نئی قیمتوں کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق سب سے زیادہ استعمال ہونے والے اسپیشل 95 پٹرول کی قیمت ایک درہم 72 فلس سے بڑھا کر دو درہم 14 فلس فی لیٹر کر دی گئی، یعنی فی لیٹر 42 فلس کا اضافہ ہوا۔

اس اعلان کے بعد ملک بھر کے پیٹرول پمپس پر رش دیکھنے میں آیا، جہاں شہریوں نے قیمتوں میں اضافے سے قبل اپنے ٹینک بھرنے کے لیے قطاریں لگائیں۔ دبئی اور شارجہ کے پیٹرول پمپس پر لمبی قطاروں کی تصویریں خلیج ٹائمز نے محفوظ کیں۔

تاہم عوام کے جذبات اس فیصلے پر منقسم تھے۔ کچھ شہریوں نے قیمتوں کے عالمی منڈی کے مطابق ہونے کو خوش آئند قرار دیا جبکہ دیگر نے شکایت کی کہ قیمتوں میں اضافے کی وجوہات سے متعلق انہیں مناسب آگاہی نہیں دی گئی۔ ایک دبئی کے رہائشی نے کہا، "یہ بالکل منصفانہ ہے، قیمتیں عالمی منڈی کے مطابق ہونی چاہییں”، جبکہ ایک اور نے کہا، "یہ اضافی لاگت میرے لیے بڑا مسئلہ بنے گی۔”

پاکستانی تارکین وطن نے پٹرولیم قیمتوں میں اس اچانک اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹیکسی کرایوں میں اضافے کی پیشگوئی کی۔ ایک بھارتی شہری نے کہا کہ بڑی گاڑیوں کے مالکان زیادہ متاثر ہوں گے کیونکہ دبئی میں بڑی گاڑیوں کا رجحان زیادہ ہے۔

یواےای کے طویل المدتی رہائشی اظہر ضیاء الرحمن نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس فیصلے پر جذباتی ردعمل کے بجائے منطقی طور پر غور کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت رہائش اور تعلیم کے اخراجات کم کر دے تو کوئی بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اعتراض نہیں کرے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یکم اگست 2015 کو ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی، جو دو درہم 90 فلس سے کم ہو کر دو درہم 5 فلس فی لیٹر ہو گئی۔ تاجروں نے اس کمی کو مثبت قرار دیا۔

روڈ سیفٹی یو اے ای کے بانی تھامس ایڈل مین نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ شہریوں کے ڈرائیونگ رویوں پر مثبت اثر ڈال سکتا ہے۔ ان کے مطابق، مہنگے ایندھن سے شہری زیادہ کفایت شعاری اختیار کرتے ہیں، کار پولنگ کو فروغ دیتے ہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کرتے ہیں اور پبلک ٹرانسپورٹ کی طرف مائل ہوتے ہیں، جس کے نتیجے میں سڑکوں پر رش کم اور ٹریفک حادثات میں کمی آ سکتی ہے۔

2015 کے بعد سے یواےای میں ہر مہینے کے آخر میں تیل کی قیمتوں کا اعلان کیا جاتا ہے۔ اگست 2025 کے لیے سپر 98 پٹرول کی قیمت دو درہم 69 فلس فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جو پچھلے مہینے دو درہم 70 فلس تھی۔ اسپیشل 95 پٹرول کی قیمت دو درہم 57 فلس فی لیٹر رہی، جو جولائی کے مقابلے میں پانچ فلس کم ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں معمولی اضافہ دیکھا گیا جو دو درہم 63 فلس سے بڑھ کر دو درہم 78 فلس فی لیٹر ہو گئی، لیکن یہ اب بھی 2015 کے سبسڈی دور کی قیمت دو درہم 90 فلس سے کم ہے۔

 

 

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button