
خلیج اردو
چار خوش قسمت بھارتی اور پاکستانی شہریوں نے بگ ٹکٹ کے "دی بگ وِن کنٹیسٹ” میں کل 5 لاکھ 10 ہزار درہم کا انعام جیت لیا۔ سب سے بڑا حصہ 42 سالہ اسلم شیخ کے حصے میں آیا، جو آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے موبائل شاپ کے مالک ہیں۔ انہوں نے 1 لاکھ 50 ہزار درہم جیتے۔ 2007 سے اپنے خاندان کے ساتھ کویت میں مقیم شیخ چھ ماہ قبل دوستوں کے مشورے پر بگ ٹکٹ میں شامل ہوئے اور سات دوستوں کے گروپ کے ساتھ ٹکٹ خریدتے ہیں۔
’’یہ خوشی بیان سے باہر ہے،‘‘ انہوں نے کہا۔ ’’میں یہ رقم گروپ میں برابر تقسیم کروں گا اور اپنے کاروبار میں دوبارہ سرمایہ کاری کروں گا۔‘‘
40 سالہ سمیرش اتھیکنّو پرمبِل کنچن، جو کیرالا سے تعلق رکھتے ہیں اور 17 سال سے العین میں ایلومینیم فیکبری کی ملازمت کر رہے ہیں، نے 1 لاکھ 20 ہزار درہم جیتے۔ وہ 16 دوستوں کے گروپ کے ساتھ چھ ماہ سے مسلسل ٹکٹ خرید رہے تھے۔
’’فون پر جیت کی خبر ملی تو بے حد خوشی ہوئی،‘‘ انہوں نے کہا۔ ’’میں یہ رقم اپنے خاندان کی مدد کے لیے استعمال کروں گا۔‘‘
پاکستانی مکینیکل انجینئر محمد سکندر حیات، جو 28 سال سے ابوظبی میں مقیم ہیں، نے 1 لاکھ درہم جیتے۔ وہ گزشتہ 20 سال سے اکیلے ہی بگ ٹکٹ خریدتے رہے ہیں۔
’’ایئرپورٹ پر جب بھی خاندان کو چھوڑتا، ایک یا دو ٹکٹ ضرور لیتا تھا۔ 20 سال بعد جیت کی کال آنا ناقابلِ یقین تھا۔‘‘ انہوں نے یہ رقم اپنی چار بیٹیوں میں برابر تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا۔
چوتھے خوش قسمت، بھارتی شہری فیروز خان، نے آن لائن ٹکٹ کے ذریعے 1 لاکھ 40 ہزار درہم جیتے۔
بگ ٹکٹ اگست میں کئی بڑے انعامات پیش کر رہا ہے، جن میں سب سے بڑا 1 کروڑ 50 لاکھ درہم کا انعام 3 ستمبر کو لائیو ڈرا میں دیا جائے گا۔ اسی رات چھ دیگر شرکاء کو فی کس 1 لاکھ درہم بھی ملے گا، جبکہ ’’دی بگ وِن کنٹیسٹ‘‘ کے تحت 50 ہزار سے 1 لاکھ 50 ہزار درہم تک کے انعامات جیتنے کے مواقع بھی موجود ہیں۔






