خلیج اردو
دبئی کے ہائی اسکول کے ان طلبہ کو، جنہوں نے اس سال شاندار تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ولی عہد دبئی، متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے ذاتی پیغام موصول ہوا۔
دبئی ٹاپ اچیورز ریکگنیشن اینڈ سپورٹ پروگرام کے تحت کل 40 اماراتی اور مقیم طلبہ کو اس اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ طلبہ وزارتِ تعلیم کے نصاب کے ساتھ ساتھ امریکی، برطانوی اور انٹرنیشنل بکلوریٹ (IB) نصاب میں بھی ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے تھے۔
اپنے پیغامات میں شیخ حمدان نے طلبہ کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں دبئی کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ کلاس روم سے آگے بڑھ کر بھی اپنی مہارتوں کو نکھاریں اور امارت کے روشن مستقبل کی تشکیل میں کردار ادا کریں۔
شیخ حمدان نے طلبہ کے والدین کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ بچوں کی یہ کامیابیاں ان کی محنت اور والدین کی حمایت کا نتیجہ ہیں، جو دبئی کے مستقبل کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔
یہ پروگرام شیخ محمد بن راشد المکتوم، نائب صدر و وزیر اعظم یو اے ای اور حکمران دبئی کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے کہ انسانوں میں سرمایہ کاری ہی پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔
پروگرام کا مقصد نمایاں طلبہ کو اعزاز دینا، ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں بروقت مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کر سکیں۔ اس کے تحت اماراتی طلبہ کو اندرون و بیرون ملک اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اسکالرشپس دی جاتی ہیں جبکہ غیر ملکی طلبہ کو دبئی کے بین الاقوامی تعلیمی اداروں میں رعایتی سہولتیں دی جاتی ہیں۔
اس کے علاوہ نمایاں طلبہ اور ان کے اہل خانہ کو گولڈن ویزا کے حصول میں بھی ترجیح دی جاتی ہے، تاکہ وہ دبئی کی ترقی کے ماڈل میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔







