متحدہ عرب امارات

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو دراصل ‘اماراتی حمایت یافتہ’ کولمبین فائٹرز کی نہیں: روئٹرز

خلیج اردو
ابوظہبی: روئٹرز کی فیکٹ چیک رپورٹ نے ان ویڈیوز کو جھوٹا قرار دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ "کولمبین کرائے کے جنگجو” سوڈان کے شہر الفاشر میں متحدہ عرب امارات کی مدد سے لڑ رہے ہیں۔

یہ ویڈیوز اُس وقت سامنے آئیں جب سوڈان نے اگست کے اوائل میں دعویٰ کیا کہ اس نے ایک اماراتی طیارہ تباہ کیا ہے جو مبینہ طور پر کولمبین جنگجوؤں کو لے جا رہا تھا، اور اس میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہوئے۔ متحدہ عرب امارات نے ان الزامات کو "بے بنیاد” قرار دیا اور کہا کہ یہ محض غلط معلومات پھیلانے اور اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔

روئٹرز کے مطابق یہ ویڈیو دراصل امریکہ اور یورپی ممالک کی افواج کی ایک مشترکہ فوجی مشق کی ہے جو 24 جولائی کو ایسٹونیا میں ریکارڈ کی گئی تھی۔ امریکی محکمہ دفاع کے ڈیفنس ویژوئل انفارمیشن ڈسٹری بیوشن سروس (DVIDS) نے اسے جاری کیا تھا، جس میں امریکی فوج، برطانوی افواج، کینیڈا اور ایسٹونیا کی افواج شریک تھیں۔

اماراتی وزارتِ خارجہ کی اسٹریٹجک کمیونیکیشن ڈائریکٹر افرا الحمَیلی نے ان الزامات کو "پورٹ سوڈان اتھارٹی کے جھوٹ اور پروپیگنڈے” قرار دیا اور کہا کہ متحدہ عرب امارات ان مہمات سے بالاتر ہے جو دراصل سوڈانی اتھارٹی کی اپنی خلاف ورزیوں اور خانہ جنگی میں براہ راست کردار کو چھپانے کی کوشش ہیں۔

امریکی پانچویں کور کے ایک بیان کے مطابق یہ فوجی مشق 21 سے 25 جولائی تک ایسٹونیا کے قریب کیمپ تاپا میں ہوئی، جس میں مارٹر فائر اور لائیو ایمونیشن استعمال کیا گیا تاکہ جنگی تیاری کا جائزہ لیا جا سکے۔ ویڈیو میں امریکی فوج کی تیسری انفینٹری ڈویژن کا نشان بھی واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے جو اس مشق میں شامل تھی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button