متحدہ عرب امارات

دبئی میں تدریس کے نئے اصول، کے ایچ ڈی اے نے سخت شرائط لاگو کر دیں

خلیج اردو
دبئی کی نالج اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (KHDA) نے نجی تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور پرنسپلز کی تقرری، طرزِ عمل اور جوابدہی کے لیے نئے رہنما اصول جاری کر دیے ہیں۔ ان گائیڈز کے مطابق اب اساتذہ کی بھرتی سخت جانچ پڑتال کے بعد ہوگی، جن میں پیشہ ورانہ ریفرنسز، مجرمانہ ریکارڈ چیک، سوشل میڈیا اور آن لائن موجودگی کا جائزہ، تعلیمی اسناد کی توثیق اور ایک باضابطہ انٹرویو لازمی ہوگا۔

اساتذہ کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ انہیں "اپوائنٹمنٹ نوٹس” جاری کیا جائے جو صرف ایک اسکول کے لیے کارآمد ہوگا اور کسی دوسرے ادارے میں منتقل نہیں کیا جا سکے گا۔ اگر کوئی استاد اسکول بدلنا چاہے تو پرانا نوٹس منسوخ ہو جائے گا اور نیا نوٹس درکار ہوگا۔ موجودہ اساتذہ کو بھی نئی اہلیت کی شرائط 2028 یا 2029 تک پوری کرنا ہوں گی۔

اساتذہ اگر قواعد کے مطابق استعفیٰ نہ دیں تو ان پر 90 روز کی پابندی عائد کی جائے گی، جس دوران وہ نیا اپوائنٹمنٹ نوٹس حاصل نہیں کر سکیں گے۔ علاوہ ازیں، ہر استاد کو ادارہ چھوڑنے سے پہلے کے ایچ ڈی اے کا ایگزٹ سروے مکمل کرنا ہوگا تاکہ اساتذہ کے چھوڑنے کی وجوہات سامنے آ سکیں۔

کے ایچ ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ سنگین بدعنوانی، بچوں کے تحفظ کی خلاف ورزی، جرائم یا بار بار غیر اخلاقی رویہ اساتذہ کی "ڈی رجسٹریشن” کا سبب بن سکتا ہے، جس کے بعد وہ دوبارہ کسی نجی تعلیمی ادارے میں ملازمت کے اہل نہیں ہوں گے۔ یہ اقدامات والدین کے لیے زیادہ شفافیت، بچوں کے لیے محفوظ ماحول اور دبئی کے نجی تعلیمی شعبے کے معیار میں بہتری کو یقینی بنائیں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button