
خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں خزاں کا آغاز اس سال 22 ستمبر کو رات 10 بج کر 20 منٹ پر ہوگا، جب دنیا بھر میں دن اور رات تقریباً برابر ہوں گے۔ اس موقع پر سورج جنوب کی طرف جھکنا شروع کر دے گا، جو شمالی نصف کرے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا اشارہ ہے۔
اماراتی فلکیات سوسائٹی کے چیئرمین اور عرب یونین فار آسٹرونومی اینڈ اسپیس سائنسز کے رکن ابراہیم الجروان کے مطابق، موسمی اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ خزاں کے دوران ملک میں بتدریج ٹھنڈک کا رجحان آتا ہے۔
ابتدائی دنوں میں دن کے وقت درجہ حرارت اوسطاً 37 ڈگری اور رات کو 23 ڈگری ہوتا ہے۔ وسطِ خزاں یعنی 8 نومبر تک یہ کم ہو کر بالترتیب 32 اور 18 ڈگری رہ جاتا ہے جبکہ اختتامِ خزاں یعنی 21 دسمبر کو دن کا اوسط درجہ حرارت 26 اور رات کا 14 ڈگری ریکارڈ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ستمبر اور اکتوبر میں نمی زیادہ رہتی ہے جو نومبر کے وسط تک کم ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ خزاں میں بارش کی اوسط اکتوبر میں 2 ملی میٹر سے بھی کم، نومبر میں 5 سے 6 ملی میٹر اور دسمبر میں 16 سے 18 ملی میٹر تک رہتی ہے۔
فلکیاتی مظاہر
خزاں میں کئی فلکیاتی مظاہر دیکھنے کو ملتے ہیں جن میں روشن ستارے اور بڑے شہابیوں کی بارش شامل ہیں۔ اس سال:
* اوریونڈز شہابیوں کی بارش 21 اور 22 اکتوبر کو عروج پر ہوگی۔
* ٹاریڈز نومبر میں سرگرم رہیں گے اور بعض اوقات روشن آگ کے گولے بھی پیدا کرتے ہیں۔
اسی دوران مشہور برج اور ستارے مثلاً ’’الصیف‘‘، ’’الجوزا‘‘، ’’الناقہ‘‘، ’’اندرومیڈا‘‘ اور ’’الدلو‘‘ بھی آسمان پر نمایاں ہوں گے۔
چاند کی نئی تاریخیں خزاں کے دوران یہ ہوں گی:
* 21 ستمبر (ربیع الآخر)
* 21 اکتوبر (جمادی الاول)
* 20 نومبر (جمادی الثانی)
ان راتوں میں آسمان زیادہ صاف اور تاریک ہوگا، جو دمدار ستارے، کہکشائیں اور دور دراز ستاروں کے مشاہدے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔
اہم فلکیاتی جھلکیاں
خزاں 2025 کے دوران دو دمدار ستارے بھی نظر آ سکتے ہیں:
* دمدار ستارہ لیمن (C/2025 A6) جو آنکھ سے یا دوربین کے ذریعے دیکھا جا سکتا ہے۔
* بین النجومی دمدار ستارہ (3I/ATLAS) جو سورج کے نظام سے باہر سے آیا ہے اور چھوٹی دوربین یا بائنoculars سے دیکھا جا سکے گا۔
الجر وان کے مطابق، خزاں متحدہ عرب امارات میں گرمی کی شدت سے سردی کی نرمی کی طرف ایک عبوری موسم ہے، جس میں رات کے وقت، خاص طور پر صحرائی اور پہاڑی علاقوں میں، ٹھنڈک نمایاں ہو جاتی ہے اور صاف آسمان ستاروں کو دیکھنے کے لئے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے۔







