
میامی: ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی اور انٹر میامی کے درمیان معاہدہ توسیع پر اتفاق ہو گیا ہے، جس کے بعد میسی اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد بھی میجر لیگ سوکر (ایم ایل ایس) میں کھیلتے رہیں گے۔ یہ بات کلب کے قریبی ذرائع نے بتائی۔
معاہدے کی توسیع سے 38 سالہ میسی کی موجودگی 2026 کے ورلڈ کپ تک یقینی ہو جائے گی، جو امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا۔ ورلڈ کپ کا آغاز 11 جون کو ہوگا جبکہ فائنل 19 جولائی کو میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق باضابطہ اعلان اگلے دو ہفتوں میں متوقع ہے، اور اس معاہدے کا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ میسی اپنا کیریئر ایم ایل ایس میں ہی ختم کریں گے۔ میسی 2023 میں پی ایس جی میں غیر خوشگوار وقت کے بعد انٹر میامی سے منسلک ہوئے تھے، تاہم ان کا شاندار کیریئر زیادہ تر بارسلونا کے ساتھ گزرا جہاں وہ 2004 سے 2021 تک کھیلتے رہے۔
بارسلونا کے ساتھ انہوں نے 10 بار لا لیگا کا ٹائٹل اور 4 بار چیمپئنز لیگ ٹرافی جیتی۔ 2022 میں میسی نے قطر میں ارجنٹائن کو ورلڈ کپ جتوایا اور اب وہ ٹائٹل کے دفاع کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ 114 بین الاقوامی گول کر چکے ہیں اور دو بار کوپا امریکہ (2021 اور 2024) بھی جیت چکے ہیں۔
اگر میسی اگلے سال ورلڈ کپ میں کھیلتے ہیں تو یہ ان کا چھٹا ورلڈ کپ ہوگا، جو ایک نیا ریکارڈ ہوگا۔ ان کے دیرینہ حریف کرسٹیانو رونالڈو بھی اس ریکارڈ کی برابری کر سکتے ہیں۔ میسی صرف تین گول کی کمی کے ساتھ میروسلاو کلوزے کے 16 ورلڈ کپ گولز کے ریکارڈ کے قریب ہیں۔
کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارجنٹائن نے 9 پوائنٹس کی برتری کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ میسی 8 گولز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
ایم ایل ایس میں میسی نے 2024 میں سب سے قیمتی کھلاڑی (ایم وی پی) کا ایوارڈ جیتا اور 2025 میں سب سے کم میچز میں 40 گولز مکمل کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ فی الحال انٹر میامی ایسٹرن کانفرنس میں چھٹے نمبر پر ہے اور پلے آف میں جگہ بنانے کے لیے مضبوط پوزیشن میں ہے۔
Messi, Inter Miami agree to extend contract beyond 2026







