
دبئی: ترک ایئرلائنز نے اسپین کے جنوبی حصے میں اپنا فضائی نیٹ ورک بڑھاتے ہوئے سیویل کو اپنے مقامات کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ یہ اسپین میں اس کا چھٹا شہر ہوگا جس میں میڈرڈ، بارسلونا، ویلنسیا، مالاگا اور بل باؤ پہلے ہی شامل ہیں۔ اس اقدام کا مقصد خطے میں کنیکٹیوٹی کو مضبوط بنانا اور سیاحت و کاروبار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
نئی پروازیں استنبول ایئرپورٹ اور سیویل ایئرپورٹ کے درمیان 17 ستمبر 2025 سے روزانہ کی بنیاد پر شروع ہوں گی، جس سے مسافروں کو مزید سہولت اور علاقائی روابط میں بہتری ملے گی۔
ترک ایئرلائنز کے بورڈ اور ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر احمد بولات نے کہا کہ سیویل کے لیے پروازیں مسافروں کو نیا سفر آپشن فراہم کریں گی، جو اسپین کے قدیم شہروں میں شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروازیں سیاحت اور کاروبار دونوں کے لیے نئے مواقع فراہم کریں گی اور تجارتی و سیاحتی صلاحیت کو مزید بڑھائیں گی۔
سیویل، جسے اندلس کا دل کہا جاتا ہے، اپنی اموی دور کی تاریخ، شاندار ثقافتی ورثے، منفرد طرزِ تعمیر اور ہسپانوی کھانوں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ نئی پروازیں نہ صرف سیاحوں بلکہ کاروباری افراد کو بھی براہِ راست ترکی اور جنوبی اسپین کے درمیان جوڑیں گی۔
سیویل سروس کے آغاز پر ترک ایئرلائنز نے خصوصی کرایوں کا اعلان کیا ہے۔ 30 ستمبر 2025 تک کی جانے والی بکنگ پر استنبول سے سیویل کا کرایہ 180 ڈالر اور سیویل سے استنبول کا کرایہ 148 یورو مقرر کیا گیا ہے، جو 15 مارچ 2026 تک کے سفر کے لیے قابلِ استعمال ہوگا۔







