
خلیج اردو
شارجہ: شارجہ سفاری، جو افریقہ سے باہر سب سے بڑا سفاری پارک ہے، نے اتوار کے روز اپنے پانچویں سیزن کا آغاز دو نئے جانوروں کی پیدائش کے اعلان کے ساتھ کیا۔ پارک میں پانچواں افریقی سیوانا ہاتھی کا بچہ پیدا ہوا جبکہ پہلی بار نایاب جڑواں رنگ ٹیلڈ لیمرز کی پیدائش بھی ریکارڈ کی گئی۔
ماحولیات اور محفوظ علاقوں کی اتھارٹی شارجہ (ای پی اے اے) کے زیرِ انتظام سفاری حکام کے مطابق ویٹرنری اور غذائی ٹیموں نے ہاتھی کے بچے اور اس کی ماں پر پیدائش سے لے کر مسلسل نظر رکھی۔ افریقی سیوانا ہاتھی کو ایک "کی اسٹون اسپیشیز” قرار دیا جاتا ہے جس کی بقا ماحولیاتی توازن کے لیے نہایت اہم ہے۔
رنگ ٹیلڈ لیمر ماداگاسکر کے مقامی جانور ہیں اور دنیا بھر میں ان کی نسل کو خطرے میں شمار کیا جاتا ہے۔ سفاری حکام نے بتایا کہ جڑواں بچوں کی پیدائش ایک نایاب واقعہ ہے۔
ان نئی پیدائشوں کے علاوہ، شارجہ سفاری نے سال 2025 کی دوسری سہ ماہی میں پرندوں اور ممالیہ جانوروں کی 184 پیدائشیں بھی ریکارڈ کی ہیں۔ اس وقت پارک میں 151 اقسام کے جانور موجود ہیں جن میں زرافے، شیروں، ہاتھیوں، گینڈوں اور نایاب پرندے شامل ہیں۔
ای پی اے اے کی چیئرپرسن ہنا سیف السویدی نے کہا کہ "یہ نیا سیزن شارجہ سفاری کی کامیابیوں کے تسلسل کی نمائندگی کرتا ہے، جہاں ہر نئی پیدائش ہمارے بریڈنگ اور نگہداشت پروگرامز کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ یہ نتائج اس ماحولیاتی توازن کو اجاگر کرتے ہیں جس کے لیے ہماری ویٹرنری، غذائی اور ماحولیاتی ماہرین کی انتھک محنت جاری ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ سفاری نہ صرف تفریحی مقام ہے بلکہ ایک تعلیمی پلیٹ فارم بھی ہے، جو خاندانوں اور طلبہ کو حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں سیکھنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
شارجہ سفاری صبح 8:30 سے شام 6 بجے تک کھلا رہتا ہے اور یہاں گولڈ، سلور اور برونز ٹکٹ پیکجز دستیاب ہیں۔







