متحدہ عرب امارات

فلپائن کے سابق صدر ڈیوٹرٹے پر انسانیت کے خلاف تین مقدمات دائر

خلیج اردو
دی ہیگ: انٹرنیشنل کرمنل کورٹ (آئی سی سی) نے فلپائن کے سابق صدر روڈریگو ڈیوٹرٹے پر انسانیت کے خلاف تین مقدمات دائر کیے ہیں، جن میں ان پر بطور میئر اور صدر کم از کم 76 قتل میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ یہ مقدمات ان کی متنازعہ منشیات کے خلاف جنگ کے دوران ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق ہیں۔

پراسیکیوٹرز کے مطابق پہلا مقدمہ 2013 سے 2016 کے درمیان ڈیوٹرٹے کے بطور میئر داؤاؤ سٹی میں 19 قتل میں شراکت پر مبنی ہے۔ دوسرا مقدمہ 2016 اور 2017 میں صدر کے طور پر 14 ہائی ویلیو ٹارگٹس کے قتل سے متعلق ہے، جبکہ تیسرا مقدمہ 2016 سے 2018 کے دوران منشیات فروشوں اور صارفین کے خلاف کلیئرنس آپریشنز میں 43 قتل سے متعلق ہے۔

آئی سی سی کے مطابق ان برسوں میں اصل ہلاکتوں کی تعداد ہزاروں میں ہے اور یہ قتل منظم انداز میں جاری رہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں طویل عرصے سے ڈیوٹرٹے کی منشیات مخالف مہم کو ماورائے عدالت قتل قرار دیتی آئی ہیں۔

ڈیوٹرٹے کو 11 مارچ کو منیلا سے گرفتار کرکے نیدرلینڈز منتقل کیا گیا، جہاں وہ اس وقت دی ہیگ کی شیوننگن جیل میں زیرِ حراست ہیں۔ ان کے وکیل نکولس کاؤفمین نے عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ 80 سالہ ڈیوٹرٹے ذہنی کمزوری کے باعث مقدمہ سننے کے قابل نہیں، اور کارروائی کو غیر معینہ مدت تک مؤخر کرنے کی اپیل کی ہے۔

ڈیوٹرٹے نے ابتدائی سماعت ویڈیو لنک کے ذریعے کی جس میں وہ کمزور اور خاموش نظر آئے۔ عدالت نے ان کی آئندہ پیشی مؤخر کردی ہے تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ آیا وہ مقدمے کا سامنا کرنے کے قابل ہیں یا نہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button