عالمی خبریں

مصر کے شہر المحلہ الکبری میں کپڑوں کے کارخانے میں خوفناک آتشزدگی، 8 افراد جاں بحق، 35 زخمی

خلیج اردو
قاہرہ: مصر کے صنعتی مرکز المحلہ الکبری میں جمعے کی صبح کپڑوں کے کارخانے میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہو گئے۔ وزارت صحت کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر ایمبولینسوں کے ذریعے المحلہ جنرل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں علاج جاری ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آگ کی وجہ شارٹ سرکٹ تھی جس کے بعد بوائلر میں دھماکہ ہوا اور عمارت کی بالائی منزل کا کچھ حصہ منہدم ہو گیا۔ آگ بجھانے اور متاثرین کو ملبے سے نکالنے کا عمل دوپہر تک جاری رہا۔

گورنر اشرف الجندی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور بتایا کہ ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پا لیا ہے، تاہم تین افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ وزارت محنت کے مطابق آگ بجھانے کے دوران سول ڈیفنس کے کچھ اہلکار بھی جاں بحق ہوئے۔

گورنر آفس کے مطابق ایک زخمی انتہائی نگہداشت میں ہے، آٹھ مریض اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ باقی کو طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔

یہ افسوسناک واقعہ مصر کے بڑے صنعتی مراکز میں حفاظتی انتظامات پر سوالیہ نشان کھڑا کر گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button