
خلیج اردو
شارجہ میں نومبر کے دوران منعقد ہونے والے 45ویں بین الاقوامی کتاب میلے میں آنے والوں کے لیے مفت شٹل بس سروس اور پارکنگ کی اضافی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ شارجہ بک اتھارٹی نے منگل کو پریس کانفرنس میں کتاب میلے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال نمائش میں 124 ممالک سے شرکا شرکت کریں گے، جس سے کتابوں اور اشاعت کے عالمی مرکز کے طور پر شارجہ کی حیثیت مزید مضبوط ہوگی۔
شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر 4 نومبر سے شروع ہوکر 12 روز تک جاری رہے گا۔ میلے میں 2 ہزار سے زائد پبلشنگ ہاؤسز شرکت کریں گے، جن میں ایک ہزار 151 عربی اور ایک ہزار 122 غیر ملکی ناشرین شامل ہیں۔ منتظمین کے مطابق مفت شٹل بسوں اور اضافی پارکنگ کے انتظامات سے خاندانوں، قارئین اور دیگر مہمانوں کے لیے میلے تک پہنچنا زیادہ آسان ہوگا۔
میلے کی جنرل کوآرڈینیٹر خولہ المجینی نے کہا کہ 45ویں ایڈیشن میں 124 ممالک کی شرکت شارجہ کی عالمی حیثیت اور دنیا بھر کی کتابی صنعت کو ایک چھت تلے جمع کرنے کی صلاحیت کی عکاسی کرتی ہے۔
اس سال نو ممالک پہلی مرتبہ کتاب میلے میں شرکت کریں گے، جن میں انگولا، اروبا، بیلاروس، برونڈی، کمبوڈیا، کیپ وردے، میانمار، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور نائجر شامل ہیں۔
عمان کو اس سال کے کتاب میلے کے لیے مہمانِ اعزاز قرار دیا گیا ہے۔ پریس کانفرنس میں عمان کی وزارت ثقافت، کھیل اور نوجوانوں کے شعبے میں علم و ثقافت کی ترقی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل احمد بن سعود بن ناصر الرواہی نے عمان کی نمائندگی کی۔
اعلان کے موقع پر شارجہ براڈکاسٹنگ اتھارٹی کے نمائندے بھی موجود تھے، جو میلے کا باضابطہ میڈیا پارٹنر ہے، جبکہ اتصالات گروپ نے سرکاری پارٹنر کی حیثیت سے شرکت کی۔






